شہزادہ محمدکا گرین سگنل،سعودیہ بڑی سرمایہ کاری کیلئے تیار

ریاض/اسلام آباد:وزیراعظم شہبازشریف اورسعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی تعاون کا فریم ورک شروع کرنے پر اتفاق کر لیا۔

وزیرِاعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے مابین ملاقات کے مشترکہ اعلامیہ کے مطابق یہ پیش رفت مملکت سعودی عرب اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے درمیان تقریباً آٹھ دہائیوں پر محیط تاریخی شراکت کی مضبوطی اور دونوں ممالک کی قیادت کو متحد کرنے والے بھائی چارے و اسلامی یکجہتی کے مضبوط رشتے کی عکاسی ہے۔

یہ فریم ورک دونوں ممالک کے مشترکہ اقتصادی مفادات پر مبنی ہے اور ان کی تکمیل کے لیے تجارت و سرمایہ کاری کے تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے دونوں ممالک کی باہمی خواہش کا اعادہ ہے۔

فریم ورک کے تحت اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری اور ترقیاتی شعبوں میں کئی اسٹریٹجک اور اعلیٰ اثرات کے حامل منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا جو دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے، نجی شعبے کے اہم کردار کو بڑھانے اور تجارتی تبادلے کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوں گے۔

اقتصادی فریم ورک کے ترجیحی شعبوں میں توانائی، صنعت، کان کنی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سیاحت، زراعت اور غذائی تحفظ شامل ہیں، پاکستان اور سعودی عرب اس وقت کئی مشترکہ اقتصادی منصوبوں کے حوالے سے تعاون پر کام کر رہے ہیں۔

سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان بجلی کی ترسیل کے منصوبے کے لیے مفاہمتی یادداشت اور دونوں ممالک کے مابین توانائی کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی مشترکہ منصوبوں میں شامل ہیں۔

یہ فریم ورک باہمی برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے دونوں ممالک کے اقدامات کی عکاسی کرتا ہے اور اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں پائیدار شراکت داری کی تعمیر کے لیے ان کے مشترکہ وژن کی توثیق کرتا ہے۔

فریم ورک دونوں ممالک کی قیادت اور برادر عوام کی امنگوں کی ترجمانی اور باہمی مفادات کے حصول کی تکمیل کی خواہش کی عکاسی کرتا ہے، دونوں ممالک کے رہنما سعودی پاکستانی سپریم کوآرڈینیشن کونسل کے اجلاس کے انعقاد کے بھی منتظر ہیں۔

دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کرکے بے حد خوشی ہوئی۔

سوشل میڈیا پر جاری پیغام میںوزیراعظم نے کہا کہ ملاقات میں تجارتی، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم کی جانب سے دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کی دیرپا مضبوطی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کا غیر متزلزل حمایت پر شکریہ بھی ادا کیا۔شہباز شریف نے کہا کہ وہ سعودی ولی عہد کے شکر گزار ہیں جنہوں نے دونوں ممالک اور عوام کے درمیان گہری شراکت داری اور خوشحالی کے مشترکہ وژن کو آگے بڑھانے میں بھرپور کردار ادا کیا۔

علاوہ ازیںوزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے ماضی کی غلطیوں سے سیکھا اور آگے بڑھے، ملکی ترقی کے لیے انقلابی اقدامات کر رہے ہیں۔فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو کی 9 ویں کانفرنس کے تحت اعلیٰ سطح گول میز مباحثے کا انعقاد کیا گیا، مباحثے کا موضوع ”کیا انسانیت صحیح سمت کی طرف گامزن ہے” تھا۔

وزیراعظم شہبازشریف نے اعلیٰ سطح مباحثے میں اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ سعودی ولی عہد کے ترقی کے ویژن کا خیرمقدم کرتے ہیں، پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے، پاکستان کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک سے کرپشن کے خاتمے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں، مختلف شعبوں میں اصلاحات کا عمل جاری ہے، ایف بی آر میں اصلاحات کر کے مکمل ڈیجیٹائزڈ کر دیا گیا ہے، ڈیجیٹلائزیشن سے کرپشن میں خاطرخواہ کمی آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے شدید متاثرہ 10 ملکوں میں شامل ہے، پاکستان کو سیلاب، بادل پھٹنے جیسی قدرتی آفات کا سامنا رہتا ہے، قدرتی آفات کے نتیجے میں پاکستان کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ متاثرین کی بحالی کے عمل کے لیے ہمیں زیادہ فنڈز کی ضرورت ہوتی ہے، مسلسل قرضوں سے ملکی معیشت کمزور پڑتی ہے، انسانیت کو صحیح سمت لے جانے کے لیے مختلف شعبوں میں برابری کا تعاون ہونا چاہئے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ایک دوسرے کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون سے آگے بڑھا جاسکتا ہے، پاکستان اے آئی سمیت جدید ٹیکنالوجی کے حصول کیلئے تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے، آرٹیفشل انٹیلی جنس سے فائدہ اٹھانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ زرعی شعبے میں جدت کے لیے اے آئی سے استفادہ کر رہے ہیں، زرعی شعبے کی ترقی کے لیے نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کر رہے ہیں، زرعی شعبے میں جدت کے لیے پاکستانی نوجوان چین سے تربیت حاصل کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ قرضوں کے بجائے خود انحصاری پر توجہ دے رہے ہیں، پاکستان اپنے پیروں پر کھڑے ہونے کے لیے انتھک محنت کر رہا ہے، اللہ کی مدد اور محنت سے پاکستان کو کامیاب بنائیں گے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ امن، خوشحالی اور ترقی ہماری ترجیح ہے، پاکستان 24 کروڑ افراد کا ملک ہے، پاکستان کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، انتھک محنت سے ترقی کی منازل طے کی جاسکتی ہیں، کسی بھی کام کے لیے پختہ ارادہ کامیابی کی ضمانت ہوتا ہے۔