ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے اپنے جی میل صارفین کو خبردار کیا ہے کہ ہیکرز کا ایک خطرناک گروہ بڑے ڈیٹا بیس تک رسائی حاصل کرنے کے بعد اکاؤنٹ ہولڈرز کو نشانہ بنا رہا ہے۔
یہ سائبر حملے سیلز فورس کے کلاؤڈ پلیٹ فارم میں دراندازی کے بعد سامنے آئے، جس کے باعث گوگل سروسز کے صارفین مزید حملوں کا آسان ہدف بن گئے ہیں۔
جی میل اور گوگل کلاؤڈ کی سروسز دنیا بھر میں تقریباً ڈھائی ارب افراد استعمال کرتے ہیں۔ گوگل نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ مشتبہ سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور اپنی سیکیورٹی مضبوط بنانے کے لیے فوری اقدامات کریں۔
گوگل کے تھریٹ انٹیلیجنس گروپ نے پہلی بار جون میں ان حملوں کے حوالے سے خبردار کیا تھا، جبکہ اگست میں کمپنی نے تصدیق کی کہ پاس ورڈز افشا ہونے کے باعث کئی کامیاب دراندازیاں ہو چکی ہیں۔