بلوچستان کے علاقے کولپور کے قریب جعفر ایکسپریس کے پائلٹ انجن پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ریلوے حکام کے مطابق فائرنگ کے بعد جعفر ایکسپریس کو احتیاطی طور پر کولپور سٹیشن پر روک لیا گیا، کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کو کلیئرنس ملنے کے بعد منزل کی جانب روانہ کیا گیا۔
ریلوے انتظامیہ نے بتایا کہ جعفر ایکسپریس سے قبل حفاظتی اقدامات کے تحت ایک پائلٹ انجن سبی تک چلایا جاتا ہے تاکہ ممکنہ خطرات کا اندازہ لگایا جا سکے، یہی پائلٹ انجن فائرنگ کا نشانہ بنا۔فائرنگ کی نوعیت اور ذمہ داران کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں، ریلوے پولیس اور سیکورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد جمع کرنا شروع کر دیے ہیں۔
ترجمان ریلویز نے کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس ٹرین پر حملے کی خبروں کی تردید کردی۔ترجمان ریلویز کے مطابق ٹرین کی روانگی سے پہلے حفاظتی نگرانی کے لیے پائلٹ انجن بھیجا جاتا ہے،صبح 10 بجے نگرانی کے لیے بھیجے گئے پائلٹ انجن پر3 گولیاں چلائی گئی تھیں۔ترجمان ریلویز کا بتانا ہے کہ خطرہ محسوس ہوتے ہی ٹرین کو محفوظ مقام پر روک لیا گیا تھا اور تمام مسافرمحفوظ ہیں۔