ستھرا پنجاب منصوبہ، درست کام نہ کرنے والے کنٹریکٹر کوہٹادیا جائے،مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ستھرا پنجاب پراجیکٹ میں درست کام نہ کرنے والے کنٹریکٹر کو نکال باہر کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت ستھرا پنجاب منصوبہ سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں پنجاب بھر میں صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں ترقیاتی اداروں نے ستھرا پنجاب منصوبہ میں سرمایہ کاری کے لیے دلچسپی ظاہر کی اور اس منصوبے کی کامیابی کے لیے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب بھر میں مزید 136ویسٹ ڈسپوزل پوائنٹس بنائے جائیں گے تاکہ شہری علاقوں میں صفائی کے نظام کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ “ہر گلی، محلے اور محلہ کمیونٹی میں صفائی کا عملہ مستقل طور پر نظر آنا چاہیے۔شہریوں کی بڑھتی ہوئی توقعات کے مطابق پرفارمنس کو بھی بڑھانا ہے، تاکہ عوام کو بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔

سیف سٹی کیمروں کو پنجاب بھر میں صفائی کی صورتحال جانچنے کے لیے استعمال کیا جائے گا، تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ صفائی کے اقدامات بروقت اورموثر طریقے سے کیے جا رہے ہیں۔مریم نواز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ستھرا پنجاب کا منصوبہ نہ صرف صوبے کے مختلف علاقوں میں صفائی کی صورتحال کو بہتر کرے گا، بلکہ یہ عوام کے لیے صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لیے بھی اہم قدم ثابت ہوگا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ عالمی بینک،یورپ سمیت دیگر ممالک کے ترقیاتی اداروں نے ستھرا پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے دلچسپی کااظہار کیا ہےـمزید برآں وہیکل ٹرپ کاؤنٹنگ سسٹم،وہیکل ٹریکنگ مینجمنٹ سسٹم کے بارے میںبھی بتایا گیاـستھرا پنجاب پراجیکٹ کے تحت پہلی مرتبہ ای انوائس اورسینی ٹیشن فیس کی ای بلنگ پر بریفنگ دی گئی۔