Electric Scooter

برطانیہ میں دنیا کی تیز ترین الیکٹرک اسکوٹر کی نقاب کشائی

لندن (ویب ڈیسک): برطانیہ میں ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک نئی پیشرفت سامنے آئی ہے جہاں مقامی کمپنی “بَو” نے دنیا کی تیز ترین الیکٹرک اسکوٹر “دی ٹربو” متعارف کرا دی ہے، جو رفتار، طاقت اور ڈیزائن کے لحاظ سے اپنی مثال آپ ہے۔

“دی ٹربو” نامی اس ای-سکوٹر کی سب سے نمایاں خصوصیت اس کی رفتار ہے، جو 100 میل فی گھنٹہ (160 کلومیٹر فی گھنٹہ) تک پہنچ سکتی ہے۔ اس میں 24,000 واٹ کا دوہرا موٹر پروپلشن سسٹم نصب ہے، جو اسے ناقابلِ یقین طاقت فراہم کرتا ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ اسکوٹر شہری سفر کے انداز میں بڑی تبدیلی لا سکتا ہے۔ اس کے ڈیزائن میں فارمولا وَن سے متاثر ہو کر جدید خصوصیات شامل کی گئی ہیں۔ “بَو” کے بانی وہی انجینئر ہیں جو اس سے قبل 1,000 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی “بلڈ ہاؤنڈ لینڈ اسپیڈ ریکارڈ” کار کے پراجیکٹ سے وابستہ رہے ہیں۔

اگرچہ یہ اسکوٹر تکنیکی اعتبار سے ایک انقلابی ایجاد ہے، لیکن برطانیہ میں اسے سڑکوں پر خطرہ قرار دیا جا رہا ہے اور کچھ حلقوں نے اس پر مکمل پابندی کا مطالبہ کیا ہے۔

کمپنی کے سی ای او آسکر مورگن نے اعتراف کیا کہ جب “دی ٹربو” پر کام جاری تھا تو انہیں احساس ہوا کہ وہ ایک “عفریت” تیار کر رہے ہیں۔ اسی لیے اس کی قیمت اتنی زیادہ رکھی گئی ہے کہ یہ محدود طبقے تک ہی محدود رہے – اس کی ابتدائی قیمت 29,500 امریکی ڈالر رکھی گئی ہے۔

کمپنی کا ہدف ہے کہ “دی ٹربو” کو دنیا کی تیز ترین الیکٹرک اسکوٹر کے طور پر گنیز ورلڈ ریکارڈز میں شامل کیا جائے۔