پاکستان اور بنگلادیش کے کرکٹ کپتان ٹرافی کے ساتھ

ٹی 20 سیریز، پاکستان اور بنگلادیش آج ڈھاکا میں ٹکرائیں گے

پاک بنگلادیش سیریز کا پہلا ٹی 20 انٹرنیشنل میچ آج ڈھاکا میں کھیلا جائے گا۔ 

 ٹی 20 فارمیٹ میں پاکستان کا بنگلہ دیش کے خلاف ریکارڈ کافی شاندار ہے، اسے 19 جبکہ حریف کو 3 میچز میں کامیابی حاصل ہوئی، پاکستان نے گذشتہ باہمی سیریز میں بنگلہ دیشی سائیڈ کو لاہور میں ٹی 20 سیریز میں وائٹ واش کی خفت سے دوچار کیا، اب جوابی سیریز میں بھی اسی کھیل کا سلسلہ برقرار رکھے جانے کا امکان ہے۔

ہوم گرائونڈ پر بیٹرز نے بنگلہ دیشی بولرز کے خلاف اٹیکنگ انداز اپنایا جبکہ بولرز اور فیلڈرز نے بھی بہتر کھیل پیش کیا تھا، ہیڈکوچ مائیک ہیسن اور کپتان سلمان علی آغا ٹی 20 انٹرنیشنل کے ٹرینڈز اپنانے کی کوشش کررہے ہیں، اس میں ابتدائی 6 اوورز میں زیادہ سے زیادہ رنز بنانا شامل ہے۔

پاکستان کے پاس اس کیلیے موزوں بیٹرز موجود ہیں، صائم ایوب، محمد حارث اور سلمان علی آغا جارحانہ کھیل سے پہچانے جاتے ہیں، ٹیم میں ہارڈ ہٹر فخر زمان موجود ہیں جبکہ حسن نواز سے بھی کافی توقعات وابستہ ہوں گی، اننگز کا آغاز صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان کرسکتے ہیں، پاکستان کو سیریز میں شاداب خان کی انجری کے باعث خدمات میسر نہیں ، خوشدل شاہ اور فہیم اشرف بطور آل راؤنڈرز اپنی ذمہ داری ادا کریں گے۔

پلیئنگ الیون میں شاداب اور حسن علی کی جگہ طلعت حسین اور سلمان مرزا کو مل سکتی ہے، اسکواڈ میں شامل 5 کھلاڑیوں کی مقامی کنڈیشنز سے اچھی واقفیت ہے کیونکہ وہ گذشتہ 2 سیزنز سے بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کھیل رہے ہیں، خاص طور پر خوشدل نے میرپور میں پاکستانی پلیئرز میں سے  سب سے زیادہ 12 میچز میں حصہ لیا ہے، محمد حارث، فہیم، ابرار احمد اور عباس آفریدی بھی بی پی ایل میں شریک رہے۔

دوسری جانب بنگلہ دیش نے حال ہی میں سری لنکا کو اس کے ملک میں ٹی 20 سیریز میں شکست دی، جس سے اس کے حوصلے کافی بلند ہیں، پاکستان سے میچ میں بھی فاتح الیون کو میدان میں اتارنے کا امکان ہے، اوپنر محمد نائم نے کہا کہ اپنی کنڈیشنز میں ہمیں گرین شرٹس پر نفسیاتی برتری حاصل ہوگی۔