فرانس میں سینکڑوں جانور ذبح، مالکان بھی سڑکوں پر نکل آئے

پیرس:فرانس کے جنوب مغربی علاقوں میں ہزاروں کسانوں نے گائیوں میں پھیلنے والی جلدی بیماری کے باعث بڑے پیمانے پرجانوروں کے ذبح کیے جانے کے خلاف سڑکیں بند کر دیں۔

غیرملکی میڈیارپورٹ کے مطابق کسانوں نے حکومت کے فیصلے کو سخت اور غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے جگہ جگہ ٹریکٹر کھڑے کر دیے اور گھاس کے گٹھوں کو آگ لگا دی۔

حکومت نے لمپی سکن ڈیزیز کے پھیلا ئو کو روکنے کیلئے متاثرہ ریوڑ کے تمام جانور ذبح کرنے اور 10 لاکھ مویشیوں کو ویکسین لگانے کا اعلان کیا تھا۔ سپین کی سرحد کے قریب ایک گائو ں میں بیماری کا ایک کیس سامنے آنے پر 200 سے زائد گائیوں کو ذبح کیا گیا، جس پر کسان شدید غصے میں آ گئے۔

کسان تنظیموں کا کہنا ہے کہ پورے ریوڑ کو ذبح کرنا موثر حل نہیں بلکہ کسانوں کی زندگی بھر کی محنت کو برباد کرنے کے مترادف ہے۔ ہفتے کے روز ملک بھر میں 40 سے زائد مقامات پر مظاہرے ہوئے، جن میں تقریبا 2 ہزار افراد نے شرکت کی جبکہ کئی شاہراہیں بند رہیں۔