Microsoft Corporation

کاربن اخراج میں کمی کے لیے مائیکروسافٹ کا انوکھا معاہدہ

ٹیکنالوجی کی دنیا کی بڑی کمپنی مائیکروسافٹ نے کاربن اخراج میں کمی کے لیے ایک انوکھا اور منفرد قدم اٹھایا ہے۔ کمپنی نے ویسٹ مینجمنٹ ادارے والٹڈ ڈیپ کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے، جس کے تحت انسانی اور زرعی فضلے کو زمین سے 5000 فٹ گہرائی میں پمپ کیا جائے گا۔

اس اقدام کا مقصد گرین ہاؤس گیسز، بالخصوص کاربن ڈائی آکسائیڈ، کو ماحول سے ہٹانا اور زمین میں محفوظ کرنا ہے۔ مائیکروسافٹ کا کہنا ہے کہ یہ طریقہ کار، جو روایتی طریقوں سے مختلف ہے، ماحول دوست ہے اور کاربن کی سطح میں واضح کمی لا سکتا ہے۔

معاہدے کے تحت مائیکروسافٹ آئندہ 12 سالوں کے دوران والٹڈ ڈیپ سے 49 لاکھ میٹرک ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے خاتمے کی خدمات خریدے گی۔ یہ منصوبہ اگلے سال سے عملی شکل اختیار کرے گا۔

معاہدے کے مطابق، بائیو سلری — یعنی انسانی اور فارم کے فضلے کا مرکب — کو زمین کی گہرائی میں اس طرح منتقل کیا جائے گا کہ وہ ماحول میں دوبارہ شامل نہ ہو سکے۔ ہر ٹن کاربن کو زمین کے اندر محفوظ کرنے کے بدلے، کمپنی کو ایک “کاربن ریموول کریڈٹ” حاصل ہوگا، جسے وہ ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے کے لیے استعمال کر سکتی ہے۔

ماہرین اس اقدام کو ایک نیا اور مثبت تجربہ قرار دے رہے ہیں، جو مستقبل میں دیگر اداروں کے لیے بھی مثال بن سکتا ہے۔