غزہ/تل ابیب: صہیونی فوج نے انسانیت سوز بربریت کا ایک اور مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی غزہ میں واقع قبرستان کو ٹینکوں اور بلڈوزروں سے مسمار کر دیا۔غزہ کی وزارت اوقاف کے مطابق خان یونس کے مغرب میں واقع علاقے المواسی میں اسرائیلی فورسز نے قبریں اکھاڑ کر لاشیں نکالیں، جسے وزارت نے “مقدسات کی کھلی پامالی” اور “مرنے والوں کے تقدس پر صریح حملہ” قرار دیا۔وزارت اوقاف کا کہنا تھاکہ اسرائیلی دراندازی نہ صرف زندہ فلسطینیوں تک محدود رہی بلکہ اب مردوں کی قبریں بھی دشمنی کی زد میں آ چکی ہیں۔ ترک قبرستان کی مسماری کو وزارت نے انسانی وقار اور مذہبی اقدار کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔عینی شاہدین کے مطابق اسرائیلی بلڈوزر قبرستان کو روندتے رہے جب کہ اطراف میں قائم بے گھر فلسطینیوں کے کیمپ بھی مکمل طور پر منہدم کر دیے گئے۔
ادھراسرائیل کی جانب سے جنوبی غزہ کے علاقے رفح میں فلسطینیوں کو ایک وسیع کیمپ میں منتقل کرنے کے منصوبے کو فلسطینی عوام نے سختی سے مسترد کر دیا۔الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اس کیمپ میں غزہ کی ایک بڑی آبادی کو محدود کر دیا جائے گا، جہاں سے انہیں باہر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ الجزیرہ سے بات کرتے ہوئے فلسطینیوں نے واضح کیا کہ وہ اسرائیلی منصوبے کے آگے ہرگز سر نہیں جھکائیں گے۔فلسطینی شہریوں نے کہا کہ یہ جرم ہے، یہ گناہ ہے۔ ہم یہاں مر جائیں گے لیکن جنوب کی طرف اسرائیلی کیمپ میں نہیں جائیں گے۔ ہم رفح نہیں جائیں گے، چاہے ہم سب یہیں مر جائیں۔ ہم بار بار بے گھر ہونے سے تھک چکے ہیں۔اسرائیلی منصوبے کو بین الاقوامی سطح پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔
دوسری جانب اسرائیل کی غزہ میں نسل کشی مہم بدستور جاری ہے،تازہ حملوں میںبے گھراور امداد کے متلاشی افراد کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں مزید70فلسطینی شہید اور180سے زائد زخمی ہوگئے۔عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق امداد کے منتظر 30 افراد اسرائیلی فائرنگ سے شہید ہوئے، گزشتہ دو دنوں میں غزہ پر 250 بار حملہ کیا، دوسری جانب فلسطینی حکام کا کہنا تھا کہ غزہ میں 6 لاکھ 50 ہزار بچے قحط کے خطرے سے دوچار ہیں۔رپورٹس میں مزید بتایا گیا کہ اب تک شہدا کی مجموعی تعداد 57 ہزار 762 ہوگئی، جبکہ ایک لاکھ 37 ہزار سے زائدافراد زخمی ہو چکے ہیں۔
علاوہ ازیں غزہ کے الزتون محاذ پر القسام بریگیڈز نے اسرئیلی فوج پر حمل کرکے قابض فوج کی 4 گاڑیاں تباہ کردیں،حملے میں متعدد فوجیوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، القسام بریگیڈز نے اعلان کیا ہے کہ غزہ شہر کے جنوب مشرقی علاقے “الزیتون” میں قابض اسرائیلی افواج کی دراندازی کو روکتے ہوئے دشمن کی چار فوجی گاڑیوں کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔القسام بریگیڈز نے اپنے عسکری بیان میں واضح کیا کہ ان کے مجاہدین نے الزیتون کے مشرقی علاقے میں ایک اسرائیلی فوجی “حفار” (کھدائی کرنے والی گاڑی) کو انتہائی طاقتور زمینی دھماکا خیز مواد سے نشانہ بنایا۔ اس حملے کے فوراً بعد مجاہدین نے دشمن کے ہیلی کاپٹروں کو زخمیوں کو اٹھاتے ہوئے دیکھا، جو اس آپریشن کی کامیابی اور دشمن کے نقصانات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔