بھارت کو امریکا سے جدید ترین اپاچی لڑاکا ہیلی کاپٹرز مل گئے ہیں، جو رواں ماہ کے آخر تک بھارت پہنچ جائیں گے۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ہیلی کاپٹر بھارتی فضائیہ کی قوت میں زبردست اضافہ کریں گے، آئیے جانتے ہیں یہ ہیلی کاپٹر کن خصوصیات کے حامل ہیں۔
اپاچی ہیلی کاپٹر کی خصوصیات کیا ہیں؟
اے ایچ-64 اپاچی امریکا کا سب سے اہم اور مہلک جنگی ہیلی کاپٹر ہے، جو ٹینک، زمین اور فضائی اہداف کو نشانہ بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ اسے امریکی دفاعی کمپنی بوئنگ ڈیفنس نے تیار کیا ہے جبکہ اس کا نام امریکی ریڈ انڈین قبیلے “اپاچی” سے ماخوذ ہے۔
ہیلی کاپٹر میں دو افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے جن میں ایک پائلٹ اور دوسرا اسلحہ کنٹرول کرنے والا معاون شامل ہوتا ہے۔ اپاچی 293 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے پرواز کرسکتا ہے اور 1900 کلومیٹر تک اڑان بھرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اس مہلک ہیلی کاپٹر میں 8 عدد ٹینک شکن ہیل فائر میزائل، 38 راکٹ اور 30 ملی میٹر کی خودکار مشین گن نصب ہوتی ہے جو کسی بھی میدانِ جنگ میں اسے فیصلہ کن برتری دیتی ہے۔
امریکا، جاپان، اسرائیل، سعودی عرب اور کویت سمیت 13 سے زائد ممالک کی افواج اپاچی ہیلی کاپٹرز استعمال کررہی ہیں۔
بھارتی دفاعی حکام کا کہنا ہے کہ یہ ہیلی کاپٹر سرحدی علاقوں میں تیزی سے کارروائی کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں اور بھارت کی دفاعی حکمتِ عملی میں اہم کردار ادا کریں گے۔