گنڈاپور کا کے پی حکومت گرانے کی خواہش رکھنے والوں کو کھلا چیلنج

اسلام آباد/پشاور:خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ جتنا زور لگانا ہے لگالیں، آئینی طریقے سے حکومت نہیں گراسکتے اور چیلنج کرتا ہوں اگرآپ نے ہماری حکومت گرادی توسیاست چھوڑ دوں گا۔

پی ٹی آئی کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور کا کہنا تھاکہ اجلاس میں اتحاد اور اتفاق کا پیغام دیا گیا ہے، اگرکوئی یہ سمجھتا ہے کہ پی ٹی آئی میں دراڑ پیدا کرسکتا ہے تو یہ اس کی بھول ہے، ہمارے خلاف لابنگ کی گئی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ سازش کے بغیرہماری حکومت گرائی نہیں جاسکتی۔ان کا کہنا تھاکہ مجھے پورے پاکستان کے چکر لگوائے گئے کہاگیا کہ پی ٹی آئی چھوڑ دیں، نو مئی ایک بہانہ ہے اور بانی پی ٹی آئی نشانہ ہے، ہمارا مینڈیٹ چوری کرنے کے بعد مخصوص نشستوں کو چھینا گیا۔

علی امین نے کہا کہ قانونی اور آئینی طریقے سے تم حکومت ختم نہیں کرسکتے کیونکہ تم ہمارے بندوں کو نہیں توڑ سکتے اور کسی کی اتنی اوقات نہیں کہ وہ عمران خان کے لوگوں کو توڑ دے۔انہوں نے کہا کہ آج کی میٹنگ ان لوگوں کے لیے پیغام ہے جو سمجھتے کہ ہم الگ ہیں، ہم بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے اپنا تن ، من دھن لگا رہے ہیں۔

کہا جاتا ہے کہ 9 مئی کو ہم نے زیادتی کی مگر بانی پی ٹی آئی کے خلاف سازش 9 مئی سے پہلے شروع ہوچکی تھی۔علی امین نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم عدلیہ پر ایک حملہ ہے اور جب تک ہم واپس اقتدار میں آکر اس کو واپس نہیں کرتے تب تک عدلیہ قید رہے گی۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ میری ملاقات کروائی جائے ، وہ پارٹی کے سربراہ ہیں ان سے ملاقات کرنا ہمارا حق تھا مگر میں نے یہ بھانپ لیا تھا کہ ملاقات نہیں کروائی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہماری حکومت ، اختیار سب بانی پی ٹی آئی کے پاس ہے وہ جب چاہیں حکومت گرانے کا حکم دے دیں۔

ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ گنڈا پور نے کہا کہ عمران خان نے کبھی مذاکرات سے انکار نہیں کیا، ہم اْن کے ساتھ بات چیت چاہتے ہیں جن کا اختیار ہے،تحریک سے متعلق سوال پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ محرم کے بعد ہم ملک گیر سطح پر اپنی سیاسی تحریک شروع کرنے جارہے ہیں ۔

اس کو بڑھائیں گے، اگر ہم پر گولیاں چلی تو جواب بھی ویسے ہی آئے گا۔دریں اثناء علی امین گنڈاپور نے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں کسی کا نام لیے بغیر کہاکہ یہاں کوئی کمپرومائزڈ ہے اور کوئی کسی کے کہنے پر لگا ہوا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف لمبے ریس کے گھوڑے والی پارٹی ہے۔ذرائع کے مطابق انہوں نے کہا کہ صرف نظریے والے ہی پاکستان تحریک انصاف میں رہیں گے، جو نظریے پر کھڑے ہیں انہیں پروا نہیں کہ جیل ہو جائے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ مجھے عمران خان نے صرف نظریہ سکھایا ہے، میرا نظریہ میرا ایمان ہے۔ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں علی امین گنڈاپور نے کہا کہ میں اپنے ایمان اور نظریے پر قائم ہوں، مجھے کسی کی بات کی کوئی پروا نہیں ہونی چاہیے، کسی پر تہمت لگانا بہت بڑا گناہ ہے۔

علاوہ ازیںوزیراعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈا پور کا 11 کروڑ کے بسکٹ کھانے کے الزام پر ردعمل سامنے آگیا، انہوں نے کہاکہ میرے خلاف پروپیگنڈا کیا گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی سوشل میڈیا ٹیم سے ملاقات ہوئی جس میں پارٹی امور اور سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور دوسرے وزراء اعلیٰ کے بجٹ کا موازنہ کریں تو معلوم ہوگا بجٹ کس کا زیادہ ہے۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا نے بانی چیئرمین کا پیغام عوام تک پہنچانے کے لیے بہترین کام کیا، آنے والے دنوں میں تحریک شروع کرنی ہے سوشل میڈیا ٹیم کو مزید کام کرنا ہوگا۔