بارشوں سے اموات40ہوگئیں، 63 زخمی،سیلاب کا خدشہ بڑھنے لگا،وزیراعظم کا نوٹس

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق 26سے 28جون تک مون سون بارشوں سے ملک بھر میں 40افراد جاں بحق ہوگئے،سب سے زیادہ 21لوگ خیبرپختونخوا میں جاں بحق ہوئے ۔این ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں سے پنجاب میں مختلف واقعات سے 12لوگ جان سے گئے، سندھ اور بلوچستان میں12افراد جاں بحق ہوئے ۔ مختلف حادثات میں 63لوگ زخمی بھی ہوئے۔

این ڈی ایم اے نے سیلابی صورتحال کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا۔این ڈی ایم اے کے مطابق سوات، اپر دیر، کمراٹ ویلی، چترال اور گلگت بلتستان میں کلاڈ برسٹ سے سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔ وادی نیلم، مظفرآباد، راولاکوٹ، باغ اور کوٹلی میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ پنجاب، خیبرپختونخوا ئہ اور سندھ کے کئی شہروں میں اربن فلڈنگ کا امکان ہے۔ صوبہ خیبرپختونخوا میں پچھلے 27 جون اب تک ہونے والی بارشوں، تیز آندھی اور فلش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث حادثات کے نتیجے میں مجموعی طور پر 21افراد جان بحق جبکہ 10 افراد زخمی ہوئے۔

بارش کے باعث مجموعی طور پر 57 گھروں کو نقصان پہنچا جس میں 51 کو جزوی اور 6 مکمل طور پر منہدم ہوئے، حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع سوات، ایبٹ آباد، چترال لوئر، بونیر، صوابی،کرم چارسدہ، ملاکنڈ، شانگلہ، دیر لوئر اور تورغر میں پیش آئے۔ رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ متاثرہ ضلع سوات رہا جس میں 14 افراد جاں بحق اور 6 افراد زخمی ہوئے۔

لاہور سمیت پنجاب بھر میں حالیہ موسلا دھار بارشوں اور تیز آندھی کے باعث مختلف حادثات میں 7بچوں سمیت 12افراد جاں بحق اور 39 افراد زخمی ہو ئے ہیں۔ جاری رپورٹ کے مطابق 25 سے 27 جون کے دوران صوبے بھر میں بارشوں کے سبب کم از کم 25 حادثات پیش آئے۔پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق زیادہ تر اموات چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات کے نتیجے میں ہوئیں۔کراچی میں 2 روز میں ہونے والی بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 8 افراد جاں بحق اور 7 افراد زخمی ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق لیاری موسی لین میں عمارت کی چھت گرنے سے باپ اور بیٹی جاں بحق جب کہ حادثے میں خاتون اور بچوں سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ منظور کالونی گلی نمبر 1 گھر کی چھت گرگئی، جس کی وجہ سے ایک بچہ جاں بحق جب کہ باپ اور ایک بیٹا زخمی ہوگیا۔اس کے علاوہ نیوکراچی سیکٹر 11جے گھر میں کرنٹ لگنے سے 40 سالہ گلفام، گولیمار فردوس کالونی کی دکان میں کرنٹ لگنے سے 22 سالہ میر جان جب کہ سرجانی خدا کی بستی گھر میں کرنٹ لگنے سے 21 سالہ احمد اور کورنگی بلال کالونی کرنٹ لگنے سے 17 سالہ مدثر جاں بحق ہوگیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق سائٹ ایریا لیبر اسکوائر کمپنی میں کرنٹ لگنے سے 22 سالہ کامران زخمی ہوا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو صوبائی حکومتوں کے ساتھ رابطے میں رہنے اور معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔وزیراعظم نے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، انہوں نے وزیراعظم کو ملک میں حالیہ بارشوں کی صورتحال کا جائزہ پیش کیا۔ٹیلیفونک رابطے کے دوران وزیراعظم نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو ملک بھر میں بالخصوص بالائی علاقوں میں صوبائی حکومتوں کے ساتھ رابطے میں رہنے اور معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے بارشوں کے باعث ملک کے مختلف حصوں میں ممکنہ سیلاب کا الرٹ جاری کردیا ہے۔ملک کے مختلف شہروں میں 2 روز سے وقفے وقفے سے جاری بارش کے بعد دریائے کابل کے بہاؤ میں اضافہ ہوگیا۔دریائے سوات کا سیلابی ریلا دریائے کابل میں داخل ہونے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے الرٹ جاری کردیا ہے،خیبرپختونخوا کے علاقوں میں طوفانی بارشیں متوقع ہیں جبکہ گلگت بلتستان کے کچھ علاقوں میں گلیشیئرز پگھلنے سے سیلابی صورتِ حال کا خطرہ ہے۔

علاوہ ازیں پنجاب کے کئی شہروں میں بھی سیلابی صورتِ حال کا خدشہ ہے۔سندھ کے کئی شہروں میں بھی شدید بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔این ڈی ایم اے کے الرٹ میں آگاہ کیا گیا ہے کہ چترال، اپر دیر، سوات اور کمراٹ ویلی میں گلیشیئرز پھٹنے کا خدشہ ہے، گلگت بلتستان میں گلیشیئر پگھلنے سے سیلابی صورتحال کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے آگاہ کیا گیا ہے کہ آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ بارش کا امکان ہے، پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ مری، گلیات، راولپنڈی، جہلم، اٹک، چکوال، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال میں بارش متوقع ہے ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا میں پشاور، دیر ، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، باجوڑ، شانگلہ، بٹ گرام، مانسہرہ ، ایبٹ آباد، ہری پور میں بھی بارش متوقع ہے۔کشمیر میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہوائوں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے، کشمیر میں چند مقامات پر تیز یا موسلادھاربارش کی بھی توقع ہے، گلگت بلتستان میں موسم گرم اور بعض مقامات پرگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔