پاکستان،ترکیہ،آذربائیجان 3 ملک،ہمارے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں،وزیر اعظم

باکو: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت کے خلاف ترکیہ اور آذربائیجان کے اظہارِ یکجہتی پر مشکور ہیں، دشمن کے 7 بہترین جنگی طیارے مار گرائے۔

آذربائیجان کے یوم فتح کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ صدر آذربائیجان کا تقریب میں شرکت کی دعوت دینے پر مشکور ہوں، یوم فتح کی تقریب میں شرکت میرے لیے باعث افتخار ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی جانب سے آذربائیجان کی حکومت اور عوام کو یوم فتح کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، پاکستان، ترکیے، آذربائیجان تین ملک، ہمارے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، تینوں برادر ممالک نے کئی بار اپنی دوستی اور یکجہتی کا ثبوت دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ معرکہ حق کی کامیابی کے جشن میں آذربائیجان کے دستے کی شرکت اہمیت کی حامل تھی، آزادی کے لیے جدوجہد، عزم اور حوصلہ ضروری ہے، پاکستان نے آذربائیجان کے منصفانہ مؤقف کاہمیشہ ساتھ دیا۔

انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے دشمن کے دانت کھٹے کیے، پاکستان نے دشمن کے 7بہترین جنگی طیارے مار گرائے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آذربائیجان کی فتح کشمیر اور غزہ کے لوگوں کے لیے مشعل راہ ہے جو آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

آذربائیجان کے غیور عوام نے دشمن سے اپنی آباؤ اجداد کی سرزمین واپس چھین لی، صدر الہام علیوف کی سربراہی میں کاراباخ میں بحالی کے کام بے مثال ہیں۔شہباز شریف نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کرانے اور پاک افغان مذاکرات کی میزبانی پر ترک صدر طیب اردوان کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے آذربائیجان اور آرمینیا جنگ میں جاں بحق ہونے والے آذربائیجانی فوجیوں کو ان کی قربانیوں پر خراج عقیدت پیش کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ ماضی کی کامیابیوں کا جشن مناتے ہوئے ہمیں مستقبل پر بھی نظر رکھنی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب میں علامہ اقبال کا شعر بھی پڑھا۔

دوسری جانب آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے یوم فتح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ نے جس طرح ہمارا ساتھ دیا، اسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکے گا۔آذربائیجان کے یوم فتح کی پروقار تقریب میں باکو کی فضا پاکستان کے قومی ترانے سے گونج اٹھی۔

الہام علیوف نے کہا کہ تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہتا ہوں۔آذربائیجان کے صدر نے کہا کہ شوشا شہر کی آرمینیا سے آزادی ہماری عظیم فتح ہے، آذربائیجان کی افواج نے میدان جنگ میں اپنا لوہا منوایا۔

اس موقع پر ترکیہ کے صدر طیب اردوان نے کہا کہ آذربائیجان کے یوم فتح کی 5ویں تقریب میں شرکت پر خوشی ہے، آذربائیجان کی حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کی تقریب میں شرکت پر بہت خوشی ہوئی۔

صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ ہم نے اتحاد اور یکجہتی سے آگے بڑھتے رہنا ہے، ہم تین ملک ایک خاندان کی مانند ہیں، پاکستان، ترکیے اور آذربائیجان کا اتحاد مزید مضبوط ہوگا۔