عالمی تنازعات کا حل، پاکستان نے اقوام متحدہ میں 5تجاویز پیش کر دیں

اسلام آباد:قوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں پاکستان نے ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے مشرق وسطی میں کشیدگی کے خاتمے اور ایران کے جوہری تنازع کے پرامن حل کے لیے5 نکاتی تجاویز پیش کر دیں۔

سلامتی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے کہا کہ پاکستان واضح طور پر سفارتکاری اور مذاکرات کو تنازع کے حل کا واحد عملی راستہ سمجھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم جنگ نہیں، امن کے داعی ہیں۔ ایسے اقدامات سے گریز ضروری ہے جو مزید کشیدگی کو جنم دیں۔

عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستانی قیادت شروع سے ہی تنازع کے پرامن حل کے لیے سرگرم رہی ہے اور عالمی سطح پر کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے کئی فریقین کے ساتھ رابطے قائم رکھے تاکہ سفارتی چینلز کھلے رہیں اور جنگ کی آگ کو مزید نہ بھڑکنے دیا جائے۔

پاکستانی مندوب نے اسرائیل کی جانب سے ایران کی جوہری تنصیبات پر کیے گئے حملوں کو غیرقانونی اور بین الاقوامی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔عاصم افتخار نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہماری تجویز ہے کہ تمام ممالک تحمل کا مظاہرہ کریں، سفارتی رابطے قائم رکھیں، اور اس نازک موقع پر اشتعال انگیزی سے گریز کریں۔ یہ وقت سنجیدہ مذاکرات کا ہے، نہ کہ مزید محاذ آرائی کا۔