سیکورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج کیخلاف جنوبی وزیرستان میں آپریشن کرتے ہوئے 11بھارتی اسپانسرڈ خوارج کو جہنم واصل کر دیا۔ کارروائی میں 7خوارج زخمی بھی ہوئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے سرا روغہ میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ایک کامیاب آپریشن کیا۔
اطلاعات کے مطابق علاقے میں بھارت کے حمایت یافتہ دہشت گرد گروہ فتنہ الخوارج کے کارندے موجود تھے۔ آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 11خوارج ہلاک جبکہ 7دہشت گرد زخمی ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے دو بہادر سپوت مادر وطن پر قربان ہو گئے۔ شہدا میں میجر سید معیز عباس شاہ عمر 37سال، ضلع چکوال کے رہائشی اور لانس نائیک جبران اللہ عمر27سال، ضلع بنوں کے رہائشی شامل ہیں۔ میجر معیز شاہ شہید ایک دلیر اور نڈر افسر تھے، جنہوں نے ماضی میں بھی دہشت گردوں کے خلاف کئی کامیاب کارروائیوں کی قیادت کی۔
آپریشن کے بعد علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی چھپے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد کو تلاش کر کے ختم کیا جا سکے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکورٹی فورسز ملک کو بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی سے پاک کرنے کے عزم پر قائم ہیں اور ہمارے جوانوں کی ایسی لازوال قربانیاں ہمارے حوصلے اور عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔
ادھرجنوبی وزیرستان کی تحصیل برمل کے حساس علاقے خمرانگ میں پاک افغان بارڈر کے قریب شدت پسندوں نے فورسز کی بم ڈسپوزل پارٹی پر ہلکے اور بھاری ہتھیاروں سے مہلک حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں خواتین سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
افسوسناک واقعہ منگل کی صبح تقریباً 8 بجے اس وقت پیش آیا جب سیکورٹی فورسز کی بم ڈسپوزل ٹیم خمرانگ بریگیڈ سے وانا کی جانب روانہ تھی۔ مانڈیکول کے مقام پر گھات لگائے شدت پسندوں نے اچانک اندھا دھند فائرنگ اور راکٹ حملہ کر دیا۔
عینی شاہدین کے مطابق ایک گاڑی جو عام شہریوں سے بھری ہوئی تھی، راکٹ حملے کا نشانہ بنی، جس کے نتیجے میں دو خواتین موقع پر ہی شہید ہو گئیں، جبکہ پانچ افراد شدید زخمی ہوئے، جن میں سے ایک زخمی دورانِ علاج دم توڑ گیا۔