امریکابھارت کو مذاکرات کیلئے کان سے پکڑ کربھی لا سکتا ہے،بلاول

لندن:چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر امریکا کو بھارت کو مذاکرات کے لیے کان سے پکڑ کربھی لانا پڑا تو وہ لائیں گے کیوں کہ پاکستان اور بھارت کا امن دنیا کے مفاد میں ہے۔

لندن میں پارلیمانی وفد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان نے بارہا دہشت گردی کے ثبوت مانگے لیکن بھارت کوئی شواہد نہ دے سکا، بھارت کو علم ہے کہ پاکستان کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں، بھارت کی تمام کوششیں ناکام ہونگی اورہم امن قائم کرکے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی، کشمیر اور پانی سمیت ہرمسئلہ بات چیت سے حل کرنا چاہتا ہے، صدر ٹرمپ نے بھی کئی بار واضح کیا کہ کشمیر پر مذاکرات ہونے چاہئیں۔

بلاول بھٹو کاکہنا تھا کہ بھارت سکھوں کے خلاف منظم مہم چلا رہا ہے، بھارت نے پاکستان میں بھی دہشت گردی کی کارروائیاں کرائیں، بھارت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بیرون ملک دہشت گردی ختم کرے۔

چیئرمین پی پی نے مزید کہا کہ پانی بند کرنے کی دھمکی دینا بھی اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے، حالیہ جنگ نے بتادیا کہ پاکستان چھوٹا ہونے کے باوجود ہر میدان میں بھارت کو ہرانے کی صلاحیت رکھتا ہے، فتح کے بعد جنرل عاصم منیرکو فیلڈ مارشل کا عہدہ دینا ان کی صلاحیتوں کا اعتراف ہے۔

بھارت سے مطالبہ کرتے ہیں اپنی خارجہ پالیسی سے دہشت گردی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی پالیسی ختم کرے،بلاول بھٹو نے کہاکہ پاک بھارت جنگ کے بعد پاکستان نے آج تک سیز فائر کی پاسداری کی ہے، حملے کے جواز کے لیے بھارت کا پورا بیانیہ جھوت پر مبنی تھا، جنگ کے بعد بھی بھارت جھوٹ پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے۔

انہو ں نے کہاکہ بھارت اور پاکستان کے میڈیا میں بہت فرق ہے، گودی میڈیا نے جھوٹ پھیلانے کی پالیسی اپنائی جبکہ پاکستان کے میڈیا نے ذمہ دارانہ رپورٹنگ کی جس پر میں میڈیا کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

بھارتی دہشت گردی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں پاکستان کے سفارتی وفد کے سربراہ نے کہا کہ بھارت کہتا کچھ اور کرتا کچھ اور ہے، جب بھارت پاکستان پر الزام لگارہا تھا تو دنیا میں کوئی بھی ملک اس کے ساتھ کھڑا نہیں ہوا، سب جانتے ہیں کہ بھارت دہشت گرد تنظیموں کو پیسہ دیکر دہشتگردی کرانے میں ملوث ہے۔

بلوچستان میں کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور مجید بریگیڈ کی فنڈنگ ختم کرنی چاہیے تاکہ اس کے دہشتگردی کیخلاف بیانات کو سنجیدہ لیا جائے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت خود جانتا ہے کہ پہلگام حملے میں پاکستان کا کوئی ہاتھ نہیں تھا، یہ ان کی انٹیلی جنس ناکامی تھی جسے کور کرنے اور بہار میں الیکشن کے حوالے سے مارجن لینے کے لیے پاکستان پر الزامات لگائے گئے تاہم پاکستان نے منہ توڑ جواب دیکر خطے میں بھارتی بالادستی کی سازش ناکام بنائی۔

سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح طور پر اور بارہا یہ کہا ہے کہ خطے میں امن ہونا چاہیے، ہم تو صدر ٹرمپ کے بیانات کو وعدے سمجھتے ہیں، ان کے امن کی کوششوں کے لیے دیئے گئے بیانات کو بھارت سبوتاژ کرنا چاہتا ہے۔