IBM Logo

اے آئی نے نوکریاں چھیننا شروع کر دیں، آئی بی ایم کے ہزاروں ملازمین برطرف


نیویارک (ویب ڈیسک) – مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے بڑھتے ہوئے استعمال نے اب نوکریوں پر بھی اثر ڈالنا شروع کر دیا ہے۔ معروف ٹیکنالوجی کمپنی آئی بی ایم (IBM) نے اے آئی سسٹمز کے باعث 8 ہزار ملازمین کو نوکری سے فارغ کر دیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق، برطرف کیے گئے ملازمین میں اکثریت ہیومن ریسورسز (HR) ڈپارٹمنٹ سے تعلق رکھتی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آئی بی ایم نے رواں ماہ کے آغاز میں ایچ آر ٹیم کے کم از کم 200 عہدوں کو اے آئی ایجنٹس سے تبدیل کر دیا تھا۔ یہ اے آئی سسٹمز اب ملازمین کی رہنمائی، معلومات کی ترتیب اور دیگر انتظامی کام خودکار طریقے سے انجام دے رہے ہیں۔

آئی بی ایم نے وضاحت کی ہے کہ وہ ایچ آر کے کئی روزمرہ کاموں کو خودکار (automated) بنانے کے لیے اے آئی ٹولز استعمال کر رہا ہے۔ اس اقدام کا مقصد کام کو زیادہ مؤثر بنانا ہے تاکہ بچائے گئے وسائل کو سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ، مارکیٹنگ اور سیلز جیسے اہم شعبوں میں استعمال کیا جا سکے۔

کمپنی کے سی ای او اروند کرشنا کا کہنا ہے کہ ہم نے اپنی داخلی سرگرمیوں میں اے آئی اور آٹومیشن کے ذریعے قابلِ ذکر بہتری لائی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ بعض ملازمین کو نکالا گیا ہے، مگر مجموعی طور پر کمپنی کی افرادی قوت میں اضافہ ہوا ہے، جو ظاہر کرتا ہے کہ آئی بی ایم ایک متوازن حکمتِ عملی اختیار کیے ہوئے ہے۔

یاد رہے کہ حالیہ ہفتوں میں گوگل نے بھی اپنے درجنوں ملازمین کو نوکری سے فارغ کر دیا تھا، جن میں اینڈرائیڈ سافٹ ویئر، پکسل فونز اور کروم براؤزر پر کام کرنے والے ملازمین شامل تھے۔