شاہی مہمانوں کے پہلے گروپ کا پرتپاک استقبال

سعودی وزارت اسلامی امور کے حکام نے خادم حرمین شریفین پروگرام کے تحت فریضہ حج کیلیے آنے والے مہمانوں کے پہلے گروپ کا خیرمقدم کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان نے اس سال 100 سے زیادہ ملکوں کے دو ہزار 300 افراد کو حج کے لیے مدعو کیا ہے اس میں ایک ہزار کا تعلق فلسطین سے ہے۔
سعودی عرب پہنچنے والے پہلے گروپ میں 33 ملکوں کے 305 عازمین حج شامل ہیں۔
ان ملکوں میں آسٹریا، جمہوریہ چیک، انڈونیشیا، صومالیہ، نائیجریا، مڈغاسکر، تاجکستان، انڈیا، اردن، موریطانیہ، افغانستان، تنزانیہ، تھائی لینڈ، قازقستان، آئیوری کوسٹ، شام ، ڈنمارک، البانیہ، برطانیہ، سیرالیون، لبنان، کینیا، ماریشس اور دیگر شامل ہیں۔
مملکت پہنچنے والے شاہی مہمانوں نے خادم حرمین شریفین پروگرام کے تحت فریضہ حج پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا ہے۔
انہوں نے دنیا بھر میں مسلمانوں کی خدمات کیحوالے سے قیادت کے عزم کی بھی تعریف کی۔
یاد رہے کہ ضیوف خادم حرمین شریفین برائے حج وعمرہ پروگرام کی نگرانی وزارت اسلامی امور کرتی ہے۔