آسٹریلیا کے بونڈی بیچ پر حملے کے بعد سڈنی میں موجود مسلمانوں کے قبرستان کی بے حرمتی کا واقعہ سامنے آ یا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوب مغربی سڈنی کے مضافاتی علاقے ناریلان میں واقع مسلمانوں کے قبرستان پر حملہ کیا گیا اس دوران قبروں کی بے حرمتی کرتے ہوئے وہاں سور کے سر اور اس کے اعضا رکھ دیے گئے۔
سڈنی پولیس کا کہنا ہے کہ قبرستان کے دروازے پر جانوروں کی باقیات برآ مد کی گئی ہیں، قبروں پر رکھے گئے سور کے سروں کو ہٹا کر ٹھکانے لگادیا گیا ہے اور واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ادھر مذہبی رہنما ؤں کی جانب سے اس عمل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ اقدام نفرت اور تقسیم کو فروغ دے گا۔اس کے علاوہ سڈنی کے مسلم رہنماؤں نے حملہ آوروں کی میتیں لینے اوران کے جنازے کی ادائیگی سے انکار کردیا ہے۔

