پاکستان برکس میں شمولیت،روس سے تیل خریداری کا خواہشمند

اسلام آباد:پاکستان نے برکس میں شمولیت کی خواہش ظاہر کردی، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا اس مقصد کیلئے متبادل ادائیگی نظام پر غور کیا جارہا ہے۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے آذربائیجان اور روسی میڈیا کو انٹرویو میں ڈیجیٹل معیشت، فن ٹیک، اے آئی، سائبر سیکورٹی میں نارتھ ساؤتھ تعاون اور نئے تجارتی و ٹرانسپورٹ کوریڈورز کو ضروری قرار دیا اور کہا پاکستان اور روس کے درمیان توانائی، معدنیات اور ممکنہ اسٹیل پلانٹ پر گفتگو جاری ہے، سرمایہ کاروں کے اعتماد کے لیے معاشی استحکام ناگزیر ہے۔

وزیر خزانہ نے ڈیجیٹل کرنسی اور کرپٹو سیکٹر کو ضابطے میں لانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ورچوئل اثاثہ جات ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام پر کام جاری ہے، مصنوعی ذہانت زراعت، صحت اور مالیات میں انقلاب لا سکتی ہے، فری لانسرز کیلئے اے آئی سے آمدن اور پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔

آر آئی اے کے مطابق وزیر خزانہ نے کہا کہ اگر روس پاکستان کے ساتھ تیل کے شعبے میں کسی معاہدے پر آمادہ ہوتا ہے تو اس سے دونوں ممالک کو فائدہ ہو سکتا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ اس وقت یہ معاملہ ابتدائی مرحلے میں ہے اور دونوں جانب کی توانائی وزارتیں مختلف پہلوؤں پر غور کر رہی ہیں۔