سعودی وزارت اسلامی امور نے عازمینِ حج کے استفسارات کا جواب دینے اور انھیں مذہبی رہنمائی فراہم کرنے کے لیے، جس میں حج سے متعلق فتوی شامل ہے، مفت ہیلپ لائن کا آغاز کر دیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اس ٹول فری ہیلپ لائن کا نمبر (800 2451000) ہے اور یہ سروس، عازمینِ حج کے لیے ہفتے کے ساتوں دن اور 24 گھنٹے دستیاب رہے گی۔
یہ سروس دس زبانوں میں رہنمائی فراہم کرے گی جن میں عربی، انگریزی، فرانسیسی، ترکی، اردو، انڈونیشائی، بنگلہ، ہاسا (مغربی افریقہ اور سوڈان میں بولی جانے والی زبان)، امراہک (حبشہ کی زبان) اور ہندی زبان شامل ہیں۔
عازمینِ حج کے لیے مفت ہیلپ لائن، وزارت کے ان انیشی ایٹیوز میں سے ایک ہے جن کا مقصد حج کے ارکان کی ادائیگی کے لیے اسلامی اصولوں کے مطابق سہولت پیدا کرنا ہے۔
چند ماہرین کے ایک گروپ سے براہِ راست رابطے کے ذریعے جہاں پروفیشنل مترجم بھی موجود ہوں گے، ہیلپ لائن کی مدد سے عازمینِ حج کو قابلِ اعتماد مذہبی معاونت فراہم کی جائے گی۔
وزارت نے تمام عازمینِ حج پر زور دیا ہے کہ وہ اس مفت خدمت سے بھر پور استفادہ کریں جس سے مملکت کے اس عزم کا اظہار ہوتا ہے کہ وہ سفرِ حج اور ادائیگیِ حج کے لیے آنے والوں کو اعلی ترین سطح کی توجہ دینا چاہتی ہے۔
اسلامی امور کی وزارت کے وزیر نے300 علما اور نائبین کو اس سال کی مقامی حج کیمپین کے لیے فتاوی اور لیکچر دینے کی ذمہ داری سونپی ہے۔
