واشنگٹن، فائرنگ سے اسرائیلی سفارتی عملے کے دو افراد ہلاک

امریکا کے دارالحکومت واشنگٹن میں فائرنگ سے اسرائیلی سفارت خانے کے  دو ارکان ہلاک ہوگئے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق امریکی سکیورٹی چیف نے اسرائیلی سفارتی اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی، پولیس نے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا، جس نے گرفتاری کے بعد ’فلسطین کو آزاد کرو‘ کے نعرے لگائے۔

برطانوی خبر رساں ادارے “رائیٹرز” کی رپورٹ کے مطابق بدھ کی رات واشنگٹن ڈی سی میں کیپیٹل یہودی میوزیم میں منعقدہ ایک تقریب کے باہر فائرنگ کے واقعے میں اسرائیلی سفارت خانے کے عملے کے دو ارکان ہلاک ہو گئے جبکہ حکام و میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

تین ملین ڈالر کا عشائیہ

رپورٹس کے مطابق ایک مرد اور ایک خاتون کو تھرڈ اور ایف اسٹریٹس، نارتھ ویسٹ کے علاقے میں گولی مار کر ہلاک کیا گیا، یہ علاقہ یہودی میوزیم، ایف بی آئی فیلڈ آفس اور امریکی اٹارنی آفس کے قریب واقع ہے۔

واشنگٹن پولیس چیف پامیلا اسمتھ نے بتایا کہ تقریب سے پہلے میوزیم کے باہر چہل قدمی کرنے والے ایک شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ ملزم حراست میں ’فلسطین کو آزاد کرو‘ کے نعرے لگا رہا تھا۔