قلعہ عبداللہ: گلستان بازار میں دھماکا، 4 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ کےگلستان بازار میں دھماکےکے باعث4 افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

لیویز ذرائع کے مطابق دھماکا جبار مارکیٹ کے قریب ہوا، دھماکے میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔

لیویز ذرائع کا کہنا ہےکہ دھماکے سے جبار مارکیٹ کی متعدد دکانیں گرگئیں، دھماکے کے باعث کئی دکانوں میں آگ بھی لگ گئی۔

ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ ریاض خان کے مطابق دھماکے میں4 افراد شہید ہوئے ہیں جب کہ 20 افراد زخمی ہیں جنہیں مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا  گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق ایف سی قلعےکی عقبی دیوار کے ساتھ مارکیٹ بھی ہے، دھماکےکے بعد مسلح افراد اور ایف سی اہلکاروں میں فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا ہے، دھماکے سے قریبی مارکیٹ میں زیادہ جانی ومالی نقصان ہوا ہے، علاقے میں ہیلتھ سہولیات کی کمی کے باعث زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کیا جا رہا ہے۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ  دھماکے کے وقت قبائلی رہنما حاجی فیض اللہ خان غبیزئی اپنے دفتر میں موجود تھے تاہم  وہ محفوظ رہے، زخمیوں میں قبائلی رہنما حاجی فیض اللہ غبیزئی کے گارڈ اور راہ گیرشامل ہیں۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق علاقے کو سیل کرکے سرچ اور کلیئرنس آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔