سینئر پاکستانی صحافی نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کی جانب سے ہفتے کو علی الصبح بھارت کے خلاف ہونے والے آپریشن بُنْيَان مَّرْصُوْص میں پاکستان کے خلاف حملے کی منصوبہ بندی کرنے والی اہم انڈین شخصیات کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں۔
نجی چینل جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر اینکر پرسن اور تجزیہ کار حامد میر نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ بھارتی حکومت کی کچھ اہم شخصیات جو پاکستان پر حملے کی منصوبہ بندی میں پیش پیش تھیں (فوجی اڈے پر) ان کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے، جہاں کچھ اہم شخصیات ماری گئیں مگر تاحال حکومتی ذرائع ان کی تصدیق نہیں کر رہے۔
حامد میر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے حملے میں مارے جانے والی ان شخصیات کے نام جلد سامنے آجائیں گے۔ پاکستان نے اپنے آپشنز کو استعمال کیا اور پاکستان ائیر فورس کے سائبر ونگ نے انڈیا کے اسٹریٹجک اداروں کی ویب سائٹس بھی ہیک کیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی ڈرونز نے نئی دہلی اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے وہ مراکز جہاں سے پاکستان کے خلاف ریاستی دہشتگرددی کے منصوبے بنائے جا رہے تھے، ان پر حملہ کیا۔
حامد میر نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی ائیر ڈیفنس سسٹم اور راجستھان ائیر فیلڈ کو بھی تباہ کیا جبکہ ادھم پور ائیر فیلڈ کو مکمل طور پر زمین بوس کر دیا گیا ہے۔