اسلام آباد:ہفتہ وار تعطیل کے روز صدر مملکت کی جانب سے4آردیننس جاری کردیے گئے جس میں وفاقی وزراء اور وزراء مملکت کی تنخواہیں بڑھانے کا آرڈیننس بھی شامل ہے۔رپورٹ کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے اس سلسلے میں وفاقی وزراء اور وزرائے مملکت کی تنخواہ و مراعات کا ترمیمی آرڈیننس 2025ء جاری کردیا۔
جاری کردہ آرڈیننس کے مطابق تنخواہوں میں اضافے کا اطلاق یکم جنوری 2025 ء سے ہوگا۔آرڈیننس کے ذریعے حکومت نے وفاقی وزراء اور وزراء مملکت کی تنخواہیں رکن قومی اسمبلی کے برابرکردیں۔
آرڈیننس کے بعد وفاقی وزراء اور وزراء مملکت کی تنخواہ 5لاکھ 19ہزار مقرر کردی گئی، وفاقی وزراء کی تنخوا 2 لاکھ سے بڑھا کر 5 لاکھ 19 ہزار جب کہ وزیر مملکت کی تنخواہ 1 لاکھ 80 ہزار سے بڑھا کر 5 لاکھ 19 ہزار کی گئی۔
وفاقی کابینہ نے مارچ میں وفاقی وزراء اور وزراء مملکت کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دی تھی۔صدر مملکت کی جانب سے جاری آرڈیننس کے بعد وزراء اور وزرائے مملکت کی تنخواہوں میں 188فیصد اضافہ کیا گیاہے۔