قابض بھارتی فوج نے کشمیریوں کے گھر بارود سے اڑا دیے

سرینگر : پہلگام فالس فلیگ کے بعد بھارتی فوج کی جانب سے کشمیریوں کے گھروں کو بارود سے اْڑا دیا گیا۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم تھمنے کا نام نہیں لے رہے اور پہلگام میں فالس فلیگ آپریشن کے بعد پلواما میں ظلم کی نئی داستان رقم کی جا رہی ہے، جہاں بھارتی فوج نے کشمیریوں کے گھروں کو بارودی مواد سے اڑا دیا۔متاثرہ خاندان کی ایک خاتون نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بھائی کی شادی صرف 10 دن بعد ہونے والی تھی۔
انہوں نے کہا کہ دنیا اس تباہی کو دیکھے جس کا ہم کشمیری سامنا کر رہے ہیں۔ خاتون کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے گھروں کو اسی طرح تباہ کیا گیا جیسے اسرائیلی فوج فلسطین میں کرتی ہے۔تباہ شدہ گھر کے ایک بزرگ کا کہنا تھا کہ شام 7 بجے بھارتی فوج نے آ کر گھر خالی کرنے کو کہا۔ انہیں مسجد میں رات 10 بجے تک قید رکھا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بھارتی فوج نے ان کے گھر کو دھماکے سے اڑا دیا۔انہوں نے بتایا کہ جب ہمیں آدھی رات کو چھوڑا گیا تو گھر کھنڈر میں تبدیل ہو چکا تھا۔ ہم بے گناہوں پر بھارتی فوج کا یہ ظلم ہے۔ دوسرہی جانب غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی قابض فورسز نے اپنی پرتشدد کارروائیوں کے دوران سرینگر کے مختلف علاقوں میں 12سے زایدکشمیریوں کے گھروں پر چھاپے مارکر تلاشی لی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی پولیس نے بھارت کے مسلط کردہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے حکم پر مقبوضہ علاقے میں پرامن اور آزادی پسند کشمیریوں کے خلاف غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون یو اے پی اے کے تحت ریاستی دہشت گردی کی کارروائیاں جاری رکھیں۔ بھارتی فورسز نے گھروں پر چھاپوں کے دوران کشمیریوں کوخوف و دہشت کا نشانہ بنایااور عادل نذیر، فیضاب شوکت ، مومن احمد شیخ ، فیاض احمد کلواور مشتاق احمدکو گرفتار کر لیا۔ تلاشی کی کارروائیوں کے دوران بھارتی فورسز نے کشمیریوں کی اہم دستاویزات، موبائل فون اور دیگر ڈیجیٹل آلات قبضے میں لے لیے۔