پاکستانی فضائی حدود کی بندش، مزید 510 بھارتی پروازیں تاخیر کا شکار

نئی دہلی:پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے بھارت کی غیر ملکی پروازیں تو تاخیر کا شکار ہیں ہی، مگر آپریشنل وجوہات کی بنا پر پیر کی دوپہر سے رات ایک بجے تک 12 گھنٹے کے دوران نئی دہلی ایئرپورٹ کی 510 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔

فلائٹ شیڈول کے اعتبار سے پیر کی دوپہر ایک سے رات ایک بجے تک نئی دہلی کے اندرا گاندھی ایئرپورٹ پر آمد کی 250 پروازوں میں تاخیر ہوئی، دن سے رات ایک بجے تک کے 12 گھنٹے میں روانگی کی 260 پروازوں میں تاخیر دیکھی گئی۔

دہلی کے اندرا گاندھی ایئرپورٹ پر پروازوں کی آمد میں اوسط تاخیر 55 منٹ رپورٹ ہوئی ہے۔آپریشنل وجوہات کی بنا پر آمد کی پروازوں میں تاخیر سے خلل کا انڈیکس 4 اعشاریہ 6 تک چلا گیا، جب کہ دہلی ایئرپورٹ سے روانگی کی پروازوں میں اوسط تاخیر 65 منٹ تھی، اور پروازوں کی روانگی میں تاخیر سے مشکلات کا انڈیکس آخری درجہ 5 تک پہنچ گیا تھا۔

قبل ازیں پاکستان کے ساتھ کشیدگی میں اضافے کے بعد بھارتی ایئرلائنز کے لیے پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے پروازوں کے کرائے اور دورانیے میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا، دہلی ایئرپورٹ پر سب سے زیادہ اندرون ملک کی پروازوں میں تاخیر رپورٹ ہوئی۔پاکستان کی فضائی حدود کی بندش سے بھارتی ایئر لائنز کو اضافی فیول اور وقت صرف کرنا پڑ رہا ہے، مالی نقصان اس کے علاوہ ہے۔