اسلام آباد:وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ بچوں کے محفوظ مستقبل کے لیے پولیو کا خاتمہ ضروری ہے،حکومت ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔ ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے عزم کے تحت قومی انسداد پولیو مہم کی افتتاحی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی، وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب میں شرکت کی اور بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر 7روزہ مہم کا باضابطہ آغاز کیا۔
وزیراعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں مربوط حکمت عملی اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے پولیو کو جڑ سے ختم کرنا ہے۔عالمی شراکت داروں کے تعاون کے بغیر اس موذی وائرس کا مکمل خاتمہ ممکن نہیں۔ انسداد پولیو مہم 27اپریل تک جاری رہے گی،وزیراعظم نے والدین سے اپیل کی کہ وہ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے پولیو ورکرز سے مکمل تعاون کریں۔
ادھرپاکستان میں سال 2025ء کی دوسری قومی سطح کی انسداد پولیو مہم آج پیر21اپریل سے شروع ہو گی جس کا مقصد پولیو کے خاتمہ کی کوششوں کے تحت ملک بھر میں ہر ایک بچے کو پولیو کے قطرے پلانا ہے۔
ترجمان انسداد پولیو پروگرام کے مطابق مہم میں 4لاکھ سے زائد فرنٹ لائن ورکرز حصہ لیں گے جو ملک بھر کے 159اضلاع میں 4کروڑ 54لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گے۔ترجمان نے بتایا کہ ملک کے کئی علاقوں میں اب بھی پولیو وائرس کی موجودگی ایک بڑا خطرہ ہے، اس لیے بچوں کو بار بار پولیو کے قطرے پلوانا ان کی محفوظ مستقبل کے لیے ناگزیر ہے۔