حادثات کا سلسلہ نہ رک سکا،کراچی میں ٹرالر مزید 2 جانیں لے گیا

کراچی:شہر قائد کے علاقے نیو چالی کے علاقے میں سندھ مدرستہ الاسلام کالج کے قریب تیز رفتار ٹرالر کی موٹر سائیکل کو ٹکر کے نتیجے میں دو نوجوان جاں بحق ہوگئے۔

حادثے کے فوری بعد جائے وقوعہ پر افرا تفری مچ گئی جبکہ پولیس اور ریسکیو ادارے موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت نہیں ہو سکی تھی تاہم بعد ازاں ان کی شناخت زید اور نور کے نام سے کی گئی۔

پولیس ذرائع کے مطابق دونوں نوجوان آپس میں قریبی دوست تھے اور لیاری کے علاقے عثمان آباد کے رہائشی تھے۔ عینی شاہدین کے مطابق ٹرالر تیز رفتاری کے باعث موٹر سائیکل کو زور دار ٹکر مار کر آگے نکل گیا تاہم فوری کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے ٹرالر ڈرائیور کو گرفتار کرلیاجبکہ لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کیلئے سول ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس زرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے نوجوان مبینہ طور پر موٹر سائیکل پر ریس لگا رہے تھے۔