کینال معاملہ،پی ٹی آئی کاپی پی سے حمایت لینے کا اعلان

اسلام آباد:پی ٹی آئی نے دریائے سندھ سے نئی نہریں نکالنے کے خلاف قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں قرارداد جمع کرواتے ہوئے پی پی پی، ایم کیو ایم اور جی ڈی اے سے حمایت لینے کا بھی اعلان کر دیا۔اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی طرف سے زرتاج گل، احمد چٹھہ اور علی محمد خان نے قرارداد جمع کروائی۔

زرتاج گل کا کہنا تھا کہ سندھ میں نئی نہریں نکالنے پر بے چینی ہے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلائے بغیر ایسے حساس فیصلے کیے جا رہے ہیں۔علی محمد خان نے مطالبہ کیا کہ پی پی پی نہروں کے خلاف ہے تو پی ٹی آئی کی قرارداد کی حمایت کرے۔

میڈیا سے گفتگو میں زرتاج گل کا کہنا تھا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کل ہی دریائے سندھ کے خلاف نہریں نکالنے کی قرارداد ایجنڈے پر بحث کے لیے مقرر کریں اور ایوان میں دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کی قرارداد پر کھلی بحث کرائی جائے، مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلایا جائے۔

صحافی نے سوال کیا کہ ایک طرف آپ آصف علی زرداری پر سندھ کا پانی بیچنے کا الزام لگاتے ہیں تو دوسری طرف اپنی قرارداد پر اسی کی پارٹی سے حمایت مانگ رہے ہیں۔علی محمد خان نے جوابی سوال کیا کہ معلوم کریں کہ آصف علی زرداری بیمار کیوں ہوئے تھے۔ ایوان صدر میں انہی نہروں پر ہونے والے اجلاس کی صدارت اگر آصف علی زرداری نے کی تھی تو پھر سندھ کا پانی کس نے بیچا؟ َ۔

اگر آصف علی زرداری ہی صدر پاکستان ہیں اور انہوں نے ہی نہروں کی منظوری والے اجلاس کی صدارت کی تھی تو پھر وہی ذمہ دار ہیں۔علی محمد خان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو فارم 45 کا رزلٹ دیا جاتا تو سندھ میں بھی آج پی ٹی آئی کی حکومت ہوتی، پی ٹی آئی نہروں کے مسئلے پر سندھ کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔

دوسری جانب پیپلزپارٹی نے نہروں سے متعلق قرارداد اسمبلی ایجنڈے پر آنے تک احتجاج کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔پیپلزپارٹی نے قومی اسمبلی اجلاس کی حکمت عملی طے کرلی ہے، نہروں کے معاملے پر پارلیمان میں خاموش احتجاج جاری رکھا جائے گا۔

پی پی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسمبلی میں پیپلزپارٹی وفاقی حکومت سے تعاون نہیں کرے گی اور اسمبلی اجلاس کی کارروائی نہیں چلانے دے گی۔پیپلزپارٹی ارکان قومی اسمبلی محدود تعداد میں اجلاس میں شریک ہوں گے،ذرائع کا کہنا ہے کہ پی پی ایم این ایز کورم کی نشاندہی پر ایوان سے باہر جائیں گے۔

دریں اثناء قومی اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی نے شدید احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ دریائے سندھ پر نہروں کی تعمیر کے خلاف ان کی جمع کرائی گئی قرارداد کو ایجنڈے میں شامل نہیں کیا گیا۔

پیپلز پارٹی کی رکن شازیہ مری نے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت نے 7 اپریل کو دریائے سندھ پر مجوزہ نہروں کی تعمیر کے خلاف قرارداد جمع کروائی تھی مگر اسے ایجنڈے کا حصہ نہیں بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور ایم کیو ایم نے اس قرارداد کی حمایت نہیں کی جبکہ تحریک انصاف کے اراکین نے ایوان میں ہنگامہ آرائی کی۔شازیہ مری نے مسلم لیگ (ن) کے بعض صوبائی وزراء کو اشتعال انگیز اور تفرقہ انگیز بیانات کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ ان کے بیانات نے صورتحال کو مزید بگاڑا۔

انہوں نے الزام لگایا کہ تحریک انصاف کی حکومت کے دوران عمران خان نے دریائے سندھ پر دو نہروں کی منظوری دی تھی، جس کی سندھ حکومت نے اْس وقت بھی شدید مخالفت کی تھی۔انہوں نے کہاکہ اگر آج تحریک انصاف اپنی پچھلی غلطیوں کا ازالہ کرنا چاہتی ہے تو اسے چاہیے کہ وہ پیپلز پارٹی کی قرارداد کی حمایت کرے۔

شازیہ مری نے واضح کیا کہ ہمیں دریائے سندھ پر نہروں کی تعمیر کے خلاف اکٹھے کھڑا ہونا ہوگا کیونکہ یہ زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک میں پانی کی منصفانہ اور جائز تقسیم کے لیے جدوجہد کی ہے، ملک میں پانی کی تقسیم 1991ء کے معاہدے کے تحت ہونی چاہیے۔