کوئٹہ،ریڈزون سیل،پبلک ٹرانسپورٹ کا رات کو سفربند

کوئٹہ:بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر حملے کے بعد سے کوئٹہ سے ٹرین سروس تاحال معطل ہے جب کہ انٹرنیٹ بندش کا آج تیسرا دن ہے، علاوہ ازیں کوئٹہ میں ریڈ زون بھی سیل کردیا گیا ہے۔

سیکورٹی خدشات کی بنا پر کوئٹہ میں موبائل فون سروس بند کی گئی ہے جب کہ شہر میں موبائل انٹرنیٹ سروس پہلے ہی 2 دن سے بند ہے جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔دریں اثنا کوئٹہ میں ریڈ زون کو بھی سیل کردیا گیا ہے اور راستے میں کنٹینرز کھڑے کرکے رکاوٹیں لگائی گئی ہیں۔

علاوہ ازیں ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ سانحہ جعفر ایکسپریس کے بعد کوئٹہ سے ٹرین سروس معطل ہے۔ سکیورٹی کلیئرنس ملنے کے بعد کوئٹہ سے ٹرین سروس بحال کی جائے گی، تاہم چمن پیسنجر ٹرین معمول کے مطابق چل رہی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ جعفر ایکسپریس کی متاثرہ بوگیوں کی مرمت کا کام مکمل ہو گیا ہے جبکہ کوئٹہ سے رات کے اوقات میں پبلک ٹرانسپورٹ کو سفر کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

کمشنر کوئٹہ حمزہ شفقات کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں کوئٹہ سے رات کے اوقات میں پبلک ٹرانسپورٹ کو سفر کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ بسوں اور کوچز کی بروقت روانگی یقینی بنائی جائے گی اور تمام کوچز، بسوں میں ٹریکر اور سی سی ٹی وی کیمرے فعال رکھے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ہی تمام ٹرانسپورٹرز کو حکومتی اقدامات سے متعلق بھرپور تعاون کی ہدایت کی گئی ہے۔