پاکستان ڈے پریڈ،ہفتہ، اتوارکو تمام بڑی گاڑیوں کا اسلام آباد، راولپنڈی میں داخلہ بند

اسلام آباد/راولپنڈی: جڑواں شہروں میں کل بروز ہفتہ دوپہر 12 بجے سے پرسوں اتوار کی سہ پہر 3 بجے تک تمام بڑی گاڑیوں کا داخلہ بند ہوگا۔

تمام بڑی گاڑیوں کو مندرجہ ذیل مقامات پر روک دیا جائے گا، پشاور سے براستہ جی ٹی روڈ بجانب راولپنڈی اسلام آباد آنے والی تمام بڑی گاڑیوں کو مارگلہ اور ٹیکسلا کے مقام پر روک دیا جائے گا۔پشاور سے براستہ موٹروے پر آنے والی تمام بڑی گاڑیوں کو برہان انٹرچینج پر روک دیا جائے گا، لاہور سے براستہ موٹروے پر آنے والی تمام بڑی گاڑیاں چکری انٹرچینج کے مقام پر روک دی جائیں گی، لاہور سے براستہ جی ٹی روڈ پر آنے والی تمام بڑی گاڑیوں کو مندرا ٹول پلازہ کے مقام پر روک دیا جائے گا۔

کشمیر اور مری سے آنے والی تمام بڑی گاڑیاں 17 میل ٹال پلازہ سے 20 کلومیٹر پہلے روک دی جائیں گی۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تمام بڑی گاڑیوں کے مالکان اور ڈرائیوران کو ہدایت کی جاتی ہے کہ کسی بھی تکلیف و پریشانی سے بچنے کے لیے کل 22 مارچ دوپہر 12 بجے سے 23 مارچ سہ پہر3 بجے تک راولپنڈی اسلام آباد کی طرف سفر سے گریز کریں اور کسی محفوظ مقام پر اپنے قیام کریں۔