وزیراعظم کا کراچی کیلئے خصوصی ترقیاتی پیکیج دینے کا فیصلہ

کراچی:وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی کے اہم مسائل کے حل کے لیے خصوصی ترقیاتی پیکیج جاری کرنے پر آمادگی ظاہر کردی۔

وزیراعظم ترقیاتی پیکیج کا اعلان تفصیلی مشاورت کے بعد شیڈول کے مطابق اپنے دورہ کراچی میں کریں گے، اس ترقیاتی پیکیج کا حجم 10 ارب سے 50 ارب روپے تک یا اس سے زائد ہوسکتا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ وفاقی حکومت کی اہم اتحادی جماعت ایم کیوایم پاکستان کی قیادت اور گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے وزیر اعظم شہباز شریف کو گذشتہ ملاقاتوں میں کراچی کے مسائل پر تفصیلی آگاہ کیا تھا اور وزیراعظم سے شہر قائد کے لیے خصوصی ترقیاتی پیکیج دینے پر زور دیا تھا۔

وزیراعظم نے کراچی کے لیے خصوصی ترقیاتی پیکیج دینے کے لیے گرین سگنل دے دیا ہے۔وزیراعظم ترقیاتی پیکیج کے تحت شہر میں انفرااسٹرکچر، پینے کے پانی ، سیوریج ، صحت، ماحولیات سمیت دیگر مسائل کے لیے منصوبے مرتب کیے جائیں گے۔

وفاقی حکومت وزیراعظم ترقیاتی پیکیج کے لیے منصوبہ بندی اور طریقہ کار پر گورنر سندھ، اتحادی جماعت ایم کیو ایم پاکستان، صوبائی حکومت سمیت تمام اسٹیک ہولڈرزسے مشاورت کرے گی۔اس حوالے سے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی سربراہی میں ایک کوآرڈینیشن، ورکنگ اینڈ امپلی مینٹیشن کمیٹی جلد قائم کی جائے گی جس میں تمام اسٹیک ہولڈرز شامل ہوں گے۔وزیر اعظم کے کراچی کے لیے ترقیاتی پیکیج کا اعلان جلد متوقع ہے۔