لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ملک میں دہشتگردی کی نئی لہر آئی ہوئی ہے،پاک فوج کے جوان اپنے خون سے ملک کو بچا رہے ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتیہوئے وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ جعفر ایکسپریس واقعہ،نوشکی اورپشاور دھماکوں کی مذمت کرنا چاہتی ہوں، تین چار دن سے دہشتگردی کی نئی لہرمیں کئی واقعات دیکھنے کو مل رہے ہیں، افواج پاکستان اور سکیورٹی ادارے کلیئرنس آپریشنز کررہے ہیں۔
سکیورٹی اداروں نے جعفرایکسپریس واقعہ میں چند گھنٹوں میں کلیئرنس آپریشن کیا۔انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات میں آپ اداروں کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں، ایسی جماعت پیدا ہوچکی ہے جو افواج کے خلاف سوشل میڈیا پر زہریلی مہم چلاتی ہے، ہمارے دشمن ایسے زہریلے پروپیگنڈے سے فائدہ اْٹھاتے ہیں۔
بھارتی میڈیا کی شاید پہلے سے تیاری تھی کہ جعفرایکسپریس واقعہ ہونا ہے، انڈین میڈیا اوراس پارٹی کی طرف سے وہی مہم چلائی جارہی تھی، تحریک فساد کی ایسی حب الوطنی پر افسوس ہے۔عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے بھگوڑے باہر بیٹھ کر پاکستان کے خلاف سازشیں کررہے ہیں، شہبازگل آپ کی پارٹی کا رہنما ہے یا نہیں؟ جو پاکستان پر حملے کی خوشیاں منائے ایسی جماعت کو سیاسی پارٹی نہیں مانتی۔
جعفرایکسپریس واقعہ پرکیا کوئی پاکستانی بھارتی میڈیا کی زبان بول سکتا تھا؟صوبائی وزیر نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں چند دن میں دہشتگردی کے کئی واقعات ہوئے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے افغان پالیسی پر بڑی تنقید کی، وزیراعلیٰ کے پی نے کہا افغانیوں کو پاکستانی شہریت دینی چاہیے، 4 مارچ کوہونے والے بنوں دھماکے میں ایک افغان شہری کی شناخت ہوئی ہے۔
ہمارے افواج پاکستان کے جوانوں ،سکیورٹی اداروں نے کبھی ملک پر آنچ نہیں آنے دی۔پنجاب حکومت کی کارکردگی سے متعلق بات کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ ہمیشہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی کارکردگی پر بات کرنے آتی ہوں، میری وزیراعلیٰ کی ترجیح پنجاب کے عوام ہیں، پنجاب کے عوام کی زندگیوں میں آسانی پیدا ہورہی ہے۔