کراچی:دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے معاملے پر وفاقی حکومت اور پیپلز پارٹی میں اختلاف رائے نیا رخ اختیار کر گیا اور پیپلز پارٹی نے اس پر عوامی عدالت میں جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے خلاف 4 اپریل کو ذوالفقار علی بھٹو کی برسی پر گڑھی خدا بخش میں جلسہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو نے پارٹی رہنمائوں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جلسہ بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ اس جلسے میں بینظیر بھٹو کے یوم شہادت 27 دسمبر کے جلسے سے بھی زیادہ جیالوں کو لانا ہے۔بلاول بھٹو اس جلسہ سے خطاب میں دریائے سندھ سے نہریں نکالے جانے کے معاملے پر پالیسی بیان دیں گے۔
دوسری جانب پیپلزپارٹی نے حکومت کو آئندہ بجٹ میں بھی ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے حکومت سے ملک بھر کے ترقیاتی بجٹ پر مشاورت کا مطالبہ کر دیاہے۔پیپلزپارٹی کو سندھ کے ترقیاتی بجٹ پر مشاورت کی آفر تھی، تاہم سندھ کے ترقیاتی بجٹ پر مشاورت کی حکومتی آفر مسترد کردی گئی
، سندھ سمیت ملک بھر کے ترقیاتی بجٹ پر مشاورت کی جائے۔پی پی ذرائع نے مزید بتایا کہ حکومت نے پی ایس ڈی پی پر مشاورت کے مطالبہ پر مہلت مانگی ہے، پیپلزپارٹی پی ایس ڈی پی بارے مطالبہ نہ ماننے پر بجٹ میں سرپرائز دے گی۔