امریکی واسرائیلی منافقت،فلسطینیو ں کو افریقا میں بسانے کی تیاری

واشنگٹن/تل ابیب/غزہ : اہل غزہ کی آباد کاری کے حوالے سے امریکی اوراسرائیلی منافقت پھر عیاں ہوگئی ہے،امریکا اور اسرائیل کی نئی چال سامنے آئی ہے جس کے مطابق فلسطینیوں کو افریقا میں بسانے کی تیاری کی جارہی ہیں،امریکا اور اسرائیل نے غزہ سے بے دخل فلسطینیوں کی آباد کاری کے لیے افریقا پر نظریں جما لیں۔

امریکی اور اسرائیلی حکام نے دی ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایاکہ امریکا اور اسرائیل نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مجوزہ جنگ کے بعد کے منصوبے کے تحت غزہ کی پٹی سے بے دخل فلسطینیوں کو دوبارہ آباد کرنے کے لیے مشرقی افریقا کی تین حکومتوں کے حکام سے رابطہ کیا ہے۔سوڈان، صومالیہ اور صومالیہ کے الگ ہونے والے علاقے جو صومالی لینڈ کے نام سے جانا جاتا ہے کے حکام کے ساتھ رابطے امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایک ایسے منصوبے کے ساتھ آگے بڑھنے کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں جس کی بڑے پیمانے پر مذمت کی گئی ہے اور سنگین قانونی اور اخلاقی مسائل کو اٹھایا گیا ہے۔

صومالیہ کے الگ ہونے والے خطے صومالی لینڈ کے وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ صومالی لینڈ کو غزہ سے فلسطینیوں کو دوبارہ آباد کرنے کے لیے امریکا یا اسرائیل کی طرف سے کوئی تجویز موصول نہیں ہوئی اور نہ ہی فلسطینیوں کے حوالے سے کسی سے کوئی بات چیت ہوئی ہے۔سوڈان کے عہدیداروں نے کہا کہ انہوں نے امریکہ کی طرف سے پیش رفت کو مسترد کر دیا ہے جبکہ صومالیہ اور صومالی لینڈ کے حکام نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ وہ کسی بھی رابطوں سے آگاہ نہیں ہیں۔

ادھر اسرائیل نے اہل غزہ کی امداد، بجلی اور پانی بند کر کے محصور شہریوں پر حملے تیز کر دیے۔الجزیرہ کے مطابق غزہ سٹی اور بیت لاہیا میں اسرائیلی حملوں میں 2 بچے شہید ہو گئے جب کہ غزہ شہر کے جنوبی علاقے زیتون محلے پر اسرائیلی فضائی حملے میں 4 فلسطینی شہید ہوئے۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ بمباری میں آٹھ امدادی کارکنوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں شہادتیں اورلوگ زخمی ہوئے۔جنوبی غزہ کی پٹی میں رفح کے مغرب میں تل السلطان محلے میں تعینات قابض اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی زخمی ہوگیا۔ محکمہ شہری دفاع نے اطلاع دی ہے کہ غزہ شہر میں الشفاءمیڈیکل کمپلیکس کے احاطے کے اندر سے 13 شہداءکی باقیات برآمد ہوئی ہیں۔ایجنسی نے ایک پریس ریلیز میں کہا ہے کہ اس کے عملے نے دوسرے دن بھی 13 شہداءکی لاشیں منتقل کیں جنہیں غزہ میں الشفا میڈیکل کمپلیکس کی دیواروں کے اندر قتل عام کی جنگ کے دوران دفن کیا گیا تھا۔