حکومتی اقدامات ہوا برد،پنجاب میں مرغی کا گوشت ساڑھے900روپے میں فروخت

راولپنڈی:جڑواں شہروں سمیت پنجاب بھر میں مرغی کا گوشت 850 سے بڑھ کر950روپے فی کلو تک پہنچ گیا۔حکومتی اقدامات کے برعکس قیمتیں کم ہونے کی بجائے برائلر مرغی کی قیمتوں میں 1200 روپے فی من مزید اضافہ ہوگیا،وفاقی اور پنجاب حکومت کے اقدامات بھی بے اثر ثابت ہو گئے اور برائلرمافیا سر چڑھ کر بولنے لگا ہے۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق برائلر مرغی ہول سیل منڈی میں 19000 روپے فی من میں فروخت کی جا رہی ہے، بازاروں اور مارکیٹوں میں زندہ برائلر فی کلو 505 سے تجاوز کر گئی۔پولٹری فارم ایسوسی ایشن کے باہمی گٹھ جوڑ کے باعث مصنوعی قلت پیدا کی گئی ہے، مصنوعی قلت کے باعث مرغی کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ جاری ہے۔

رمضان المبارک سے قبل مرغی 14 ہزار روپے من تک فروخت ہو رہی تھی، تین ماہ قبل 9 ہزار سے 12 ہزار روپے فی من میں بھی فروخت ہوئی ہے، عام دنوں میں برائلر گوشت فی کلو 450 اور زندہ برائلر مرغی 270 سے 300 روپے کلو دستیاب رہتی تھی۔

ادھرپشاور انتظامیہ کی جانب سے رمضان المبارک میں مہنگائی پر کنٹرول کے دعوے ہوا ہوگئے۔ ایک دن میں مرغی کی فی کلو قیمت 25 روپے اضافے پر 506 روپے تک پہنچ گئی۔ نجی ٹی وی چینل کے مطابق رمضان المبارک میں زندہ مرغی کے ساتھ ساتھ اس کی قیمت کو بھی پر لگے ہوئے ہیں ۔

ایک روز قبل 481 روپے کلو میں ملنے والی مرغی 25 روپے کلو اضافے سے 506 روپے تک پہنچ گئی جبکہ مرغی کا گوشت 780 روپے سے بھی بڑھ چکا ہے۔

تاجر کہتے ہیں کہ خیبر پختونخوا میں 90 فیصد مرغی پنجاب سے آتی ہے۔پنجاب میں چوزے کا ریٹ کم نہیں ہورہا جس کا اثر مرغی کی قیمت پر بھی پڑتا ہے۔مہنگائی کے مارے شہری دہائی دے رہے ہیں کہ قیمتیں ہیں کہ بڑھتی جارہی ہیں ،حکومت اور ادارے اسے روکنے میں ناکام نظر آتے ہیں۔

انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف دینے کے لئے افسران عوامی نمائندوں کے ساتھ ملکر مسلسل مصروف ہیں ۔