کراچی:کے الیکٹرک کا وفاق کی نسبت 100فیصد مہنگی بجلی پیدا کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک انتظامیہ کی غفلت بجلی صارفین کو مہنگی پڑ گئی۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کی دستاویز میں انکشاف کیا گیا ہے کہ کے ای نے دسمبر میں این ٹی ڈی سی کے بجائے آئی پی پیز سے دو گنا مہنگی بجلی خریدی۔
دستاویز کے مطابق کے ای نے اپنے کیپٹو پاور اور آئی پی پیز سے بجلی 100فیصد سے زائد مہنگی بنائی، کے ای پلانٹس اور آئی پی پیز سے بجلی کی پیداواری لاگت 18روپے 63 پیسے رہی جبکہ نیشنل گرڈ سے ملنے والی بجلی کی قیمت 9 روپے 60 پیسے فی یونٹ بنتی ہے۔
کے الیکٹرک نے نیشنل گرڈ سے ملنے والی سستی بجلی کے بجائے مہنگی بجلی بنائی، دسمبر میں کے ای نے این ٹی ڈی سی سے1600میگاواٹ کے بجائے985 میگاواٹ بجلی استعمال کی، سستی بجلی کے بجائے کے ای نے میرٹ آرڈر کیخلاف ورزی کرتے ہوئے اپنے پاورپلانٹس سے مہنگی بجلی بنائی۔ کے الیکٹرک کی جانب سے آر ایل این جی کی خریداری کا بھی قیمت پر اثر پڑا۔