مسجد نبوی میں فوری طبی امداد کیلئے ایمرجنسی اسکوٹر سروس شروع

مدینہ منورہ/مکہ مکرمہ :رمضان المبارک میں مسجد نبوی میں زائرین کو فوری طبی امداد کی فراہمی کے لیے مدینہ ہیلتھ کلسٹر نے ایک نئی ایمرجنسی اسکوٹر سروس کا آغاز کردیا ہے۔

عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق ہزاروں نمازیوں کی موجودگی کے باعث مسجد کا صحن بھرجانے کی وجہ سے طبی ٹیموں کے لیے بھیڑ میں سے گزرنا مشکل ہو سکتا ہے۔ایس پی اے کے مطابق ان اسکوٹرز کی مدد سے طبی عملے کے لیے مصروف مقامات تک پہنچنا، ہنگامی کیسز کو دیکھنا اور ضرورت پڑنے پر مریضوں کو قریبی ہسپتالوں اور نگہداشت کے مراکز میں منتقل کرنا آسان ہو گیا ہے۔

ایس پی اے کی رپورٹ کے مطابق اس سروس کے آغاز سے اب تک 91 افراد اس سے مستفید ہو چکے ہیں، ان تمام افراد کو الشفا ہیلتھ انڈومنٹ، حرم ایمرجنسی ہسپتال اور صفیہ اور باب جبریل ارجنٹ کیئر سینٹرز سمیت مرکزی علاقے میں صحت کی سہولتوں میں ریفر کر دیا گیا ہے۔

ایس پی اے نے کہا کہ نیا اقدام ‘زائرین کی حفاظت اور فلاح و بہبود کے لئے مدینہ ہیلتھ کلسٹر کی کوششوں کی عکاسی کرتا ہے۔مدینہ منورہ میں صحت خدمات کے ادارے نے رمضان کے پہلے ہفتے کے دوران مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے 11ہزار 212زائرین کو مسجد نبوی کے قریب ہسپتالوں اور صحت مراکز میں طبی خدمات فراہم کی ہیں۔

ایس پی اے کے مطابق السلام ہسپتال نے 65 مختلف قومیتوں کے 3 ہزار 971، الحرم ہسپتال نے 2 ہزار 662، الصافیہ ہنگامی طبی امداد کے مرکز نے 3 ہزار456 اور باب جبریل مرکز نے ایک ہزار 159 زائرین کو رمضان کے آغاز سے اب تک خدمات فراہم کی ہیں۔مسجد الحرام کے زائرین کی سہولت کیلئے ماہ رمضان میں بچوں کی نگہداشت کے خصوصی مراکز کا اہتمام کیا ہے جو 24گھنٹے کے بنیاد پر کام کریں گے۔

سعودی خبررساں ادارے کے مطابق الحرمین الشریفین انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مسجد حرام میں بچوں کے سینٹر میں انہیں قرآن کریم اور مسنون اذکار کی تعلیم دی جائے گی۔ علاوہ ازیں تعلیمی کہانیاں اور صحت کی دیکھ بھال کے حوالے سے بھی خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔