کراچی:کراچی کے ویئر ہائوس سے برآمد اربوں کی ادویہ کی جانچ پڑتال مکمل کرلی گئی، ویئر ہائوس سے برآمد شدہ ادویات جعلی، غیر قانونی نکلیں۔
ڈریپ ذرائع کے مطابق ویئر ہائوس سے ملنے والی ادویہ جعلی و غیر قانونی ہیں، سنٹرل ڈرگ ٹیسٹنگ لیب کراچی نے ادویہ کو جعلی قرار دیا ہے، ویئر ہاؤس سے برآمد شدہ ادویات ڈریپ سے رجسٹرڈ نہیں ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ برآمد ادویات کے سیمپلز کو سنٹرل ڈرگ ٹیسٹنگ لیب کراچی بھجوایا گیا تھا، ویئر ہائوس سے 7برانڈز کی درد کش ٹیبلٹ، کیپسول برآمد ہوئے تھے، ویئر ہاوس سے 7بیچ نمبرز کی ادویات برآمد ہوئی تھیں، برآمد ادویات کے پیکٹ پر دواساز کمپنیز کی تفصیلات درج نہیں ہیں۔
ویئرہائوس سے ٹراما ڈول سالٹ سے تیار کردہ ادویات بھی برآمد ہوئی تھیں، ٹراما ڈول ہائیڈروکلورائیڈ سالٹ سے بننے والی دردکش دوا ہے، دردکش ادویات میں افیم کی معمولی آمیزش پائی جاتی ہے۔ذرائع نے کہا کہ ویئرہائوس سے ٹرامیکنگ، ٹرامیکنگ میگا نامی گولیاں برآمد ہوئی تھیں، نیو ٹراماڈول 225ایم جی گولیاں، ٹراماکنگ کیپسول برآمد ہوئے تھے، ویئرہائوس سے نیو رائل، ٹیمرال، ٹرامیکنگ نامی ٹیبلٹ برآمد ہوئی تھیں۔
کسٹم انفورسمنٹ نے 26فروری کو کورنگی میں ویئرہاؤس پر چھاپا مارا تھا، کسٹم انفورسمنٹ نے ویئر ہاؤس سے 10ارب کی ادویات برآمد کی تھیں، ویئرہاؤس سے برآمد شدہ ادویات کو بھارتی قرار دیا گیا تھا، ادویات کو ملکی تاریخ کی سب سے بڑی اسمگلڈ کھیپ قرار دیا گیا تھا۔