اسلام آباد:نادرا نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اپنے خاندان کے فوت شدہ افراد کے شناختی کارڈ منسوخ کرائیں۔
اعلامیہ کے مطابق یونین کونسلوں میں 70 لاکھ شہریوں کی وفات کے اندراج کے باوجود نادرا میں ان کے شناختی کارڈ منسوخ نہیں کرائے گئے،نادرا سے مرحومین کے شناختی کارڈ منسوخ کرانا ایک قانونی تقاضا ہے۔
مرحومین کے بیٹا، بیٹی، شریک حیات یا والدین میں سے کوئی ایک کسی بھی نادرا مرکز سے کسی فیس کے بغیر متوفی کا شناختی کارڈ منسوخ کرا سکتے ہیں۔
نادرا کی جانب سے شہریوں کی آگاہی کے لئے دستیاب موبائل نمبرز پر ایس ایم ایس بھیجے جا رہے ہیں،مرحومین کے شناختی کارڈ منسوخ نہ کرانے کی صورت میں بیٹا، بیٹی، شریک حیات یا والدین کو نادرا میں اپنی شناختی دستاویزات کی پروسیسنگ میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں
اگر وفات کا اندراج غلط ہے تو متعلقہ یونین کونسل سیکرٹری سے ریکارڈ کی تصحیح کروائیں۔