مجرموں کا فرار مشکل، اب ڈرون تعاقب کریں گے

اکثر جرائم پیشہ افراد واردات کے فوری بعد فرار ہو جاتے ہیں تاہم اب ان کا بھاگنا مشکل ہوگا کیونکہ ڈرون ان کا تعاقب کریں گے۔ نجی ٹی وی کے مطابق وارداتوں بالخصوص اسٹریٹ کرائم اور گھروں میں لوٹ مار کی وارداتوں پر قابو پانے اور مجرموں کی بیخ کنی کے لیے پنجاب حکومت کے ماتحت سیف سٹیز محکمہ نے انقلابی قدم اٹھا لیا ہے، جس کے بعد اب جرائم پیشہ افراد کا واردات کے بعد فرار ہونا بہت مشکل ہوگا۔

سیف سٹیز حکام کا کہنا ہے کہ لاہور میں مختلف اہم مقامات پر ڈرونز نصب کیے جا رہے ہیں جو ورادات کے بعد مجرم کا فرار ہونا ناممکن بنائیں گے اور ان کا تعاقب کر کے ان کی پکڑ میں معاونت کریں گے۔سیف سٹیز حکام کا کہنا ہے کہ یہ جدید ڈاکنگ ڈرونز 15 مددگار سسٹم سے منسلک ہوں گے، جو شہر لاہور کے 10 بڑے تھانوں کی حدود میں بلند عمارتوں پر نصب کیے جائیں گے اور واردات کی اطلاع ملتے ہی خودکار طور پر حرکت میں کر مجرموں کا تعاقب کریں گے۔

حکام کے مطابق یہ ڈاکنگ ڈرونز 15 کلومیٹر کے دائرے میں پٹرولنگ کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی مرحلہ وار ڈرونز کی فراہمی ڈیمانڈ کے مطابق ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ جدید ڈاکنگ ڈرون کی قیمت 22 سے 25 لاکھ روپے مقرر ہے۔ ابتدائی طورپر 10 ڈرونز کی خریداری کیلیے فنڈز منظور اور بیرون ملک سے خریداری کا آرڈر دے دیا گیا ہے۔ پہلی کھیپ جلد موصول ہوگی، جس کے بعد مزید 10 ڈرونز منگوائے جائیں گے۔