پی ٹی آئی کا عیدبعدحکومت کیخلاف سڑکوں پرنکلنے کا اعلان

پشاور/اسلام آباد:ایوان بالا میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما سینیٹر شبلی فراز نے کہاہیکہ ہمارا اتحاد اپوزیشن کے ساتھ ہے، اگلے کچھ روز میں ان کے ساتھ ہمارے معاملات طے ہو جائیں گے۔عید کے بعد سب مل کر حکومت کے خلاف نکلیں گے۔

پشاور میں عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ایک سال پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دور ہے، پیکا، 26ویں ترمیم سمیت دیگر قوانین جمہوریت نہیں بلکہ طاقت سے پاس کروائے گئے، کام کچھ نہیں کیا اور اشتہارات پراربوں روپے خرچ کر دیے۔

شبلی فراز نے کہا کہ وفاقی کابینہ میں اضافہ ضمیر فروشوں کے لیے انعام ہے، کچھ لوٹے کچھ بگوڑے اس میں شامل ہیں، ملک قرضوں میں ڈوب گیا، مہنگائی بڑھ چکی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی ہو رہی ہے، سندھ والے اپنے پانی کے جائز مطالبے کے لیے اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔

شبلی فراز نے کہا کہ بنوں تک دہشت گردوں کا پہنچنا تشویش ناک ہے، علی امین گنڈا پور حالات کنٹرول کرنے کی کوشیش کر رہے ہیں، بیک ڈور رابطے کبھی بحال ہوتے ہیں کبھی نہیں۔

دریں اثناء اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کا کہنا تھاکہ مہنگائی کم ہونے کا دعویٰ بے بنیاد، آگے گندم کا بحران آ رہا ہے۔عمر ایوب نے کہا کہ وزراء آ جائیں مارکیٹ چلتے ہیں پتہ لگ جائے گا کہ مہنگائی کہاں کم ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ٹی اور ٹیلی کام سیکٹر میں کوئی سرمایہ کاری نہیں ہوئی، پاکستان کی معیشت بڑھ نہیں رہی بلکہ سکڑ رہی ہے، معیشت سکڑنے کے بعد دو تین بحران آ رہے ہیں۔پی ٹی آئی رہنما کا کہناتھا کہ انڈسٹریز میں گروتھ صفر ہو چکی ہے، اس وقت گندم کی قیمت چڑھے گی کیونکہ گندم کم ہوئی ہے، معیشت اس وقت تباہی کی طرف جا رہی ہے۔

عمر ایوب نے کہا کہ معیشت سکڑ رہی ہے اور افراط زر میں اضافہ ہو گا، ایک سال مکمل ہونے پر شہباز شریف نے کہا ملک میں استحکام آیا ہے، ملک میں معیشت میں استحکام کا دعویٰ کرتے ہیں لیکن ہمیں نظر نہیں آتا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک اس وقت بد حالی کا شکار ہو چکا ہے، ملک کو گندم کی کاشت اور پیداوار میں بحران کا سامنا ہے، 14سو ارب روپے میں کھودا پہاڑ نکلا چوہا۔

اپوزیشن لیڈر نے یہ بھی کہا کہ ابھی تک 14سو ارب میں سے صرف 8 فیصد ترقیاتی بجٹ خرچ ہوا، بجٹ میں صرف 3 ماہ رہ گئے ہیں، یہ حال ہے ان کا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کی لہر سیکورٹی ناکامی ہے۔