وزیراعظم کے نوٹس کے باوجود کراچی میں گیس کی لوڈشیڈنگ جاری رہی

کراچی : وزیراعظم شہباز شریف کے نوٹس کے باوجود کراچی میں گیس کی لوڈشیڈنگ جاری ہے، جس کے باعث خواتین کو سحری کی تیاری میں مشکلات کا سامنا ہے۔
سوئی سدرن کا سحری میں گیس فراہم کرنے کا دعوی غلط ثابت ہوگیا اور وزیراعظم کے نوٹس لینے کے باوجود کراچی میں گیس کی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں سحری کے وقت گیس کی فراہمی منگل کو بھی معطل رہی، جیکب لائن، نارتھ کراچی، سرسید ٹاﺅن، کلیانہ ٹاﺅن، یو پی سوسائٹی میں گیس غائب رہی۔
اس کے علاوہ خواجہ اجمیر نگری گلستانِ جوہر،سرجانی،اور گلبہار سعودآباد ، گڈاپ، کاٹور سمیت متعدد علاقوں میں گیس کی فراہمی متاثر رہی۔جس کے باعث خواتین کے لیے سحری میں کھانا پکانا ناممکن ہوگیا، اس سے پہلے ایس ایس جی سی نے رات تین سے صبح سات بجے تک لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
ایس ایس جی سی نے سسٹم میں آر ایل این جی مکس کرکے گیس کے پریشر کو مستحکم کرنے کا دعویٰ کیا تھا، لیکن اس کے باوجود شہریوں کو گیس کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہے۔ کمپنی حکام نے بتایاتھاکہ سسٹم میں آرایل این جی مکس کر کے گیس پریشرکو مستحکم کر دیا ہے۔ یاد رہے وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان المبارک میں سحر و افطار میں گھریلو صارفین کو گیس کی عدم فراہمی کی شکایات کا نوٹس لیا تھا۔