لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے صوبہ بھر میں مہنگائی کے سدباب کیلئے موثر اور جامع کریک ڈائون کا حکم دیتے ہوئے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو گراں فروشی کے خلاف موثر مہم چلانے کی ہدایت کر دی ،وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے سرکاری ریٹ لسٹ نمایاں آویزاں کرنے کا حکم دیتے ہوئے ضروری اشیائے خورونوش کی طلب ورسد کے امور کی کڑی مانیٹرنگ اور ذخیرہ اندوزی روکنے کے لئے کارروائی کی بھی ہدایات دیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کا ویڈیو لنک اجلاس ہوا ۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے چیف سیکرٹری پنجاب کو گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف مہم کی ذاتی نگرانی،نرخوں کے بارے میں روزانہ جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ اشیائے خورو نوش کے مقررہ نرحوں او رمعیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ڈپٹی کمشنراوراسسٹنٹ کمشنرکو روٹی اور آٹے کے نرخ پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فوڈ اتھارٹی کھانے پینے کی اشیا ء کا معیار یقینی بنانے کے لیے کریک ڈائون کرے۔ انہوں نے کہا کہ رمضا ن المبارک میں پھلوں او رسبزیوں کی فراہمی اور نرخوں کی کڑی مانیٹرنگ کی جائے گی ۔
وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ پھلوں اورسبزیوں کے نرخ بڑھانے والو ں کے خلاف موثر قانونی کارروائی کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے، تاجر برادری غریب عوام کا احساس کریں،پوری دنیا میں رمضان المبارک کے دوران اشیا ء کے نرخ کم کئے جاتے ہیں، ہمیں بھی رضا کارانہ طورپر نرخ کم کرنے چاہئیں۔
صوبہ بھر میں سہولت بازاروں میں مارکیٹ سے کم نرخ پر معیاری اشیاء کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ڈیش بورڈ پر روزانہ بار بار اشیا ئے خور ونوش کے نرخ خود چیک کررہی ہوں ۔وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ رمضان المبارک کے دوران گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کے معاملے میں بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔رمضان المبارک کے دوران گراں فروشی کے خلاف مہم میں کسی سطح پر کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔