چکوال/ایوبیہ:ٹریفک کے ہولناک حادثات،16افراد جاں بحق،28زخمی ہوگئے۔چکوال میںموٹروے نیلہ انٹر چینج کے قریب بس کھائی میں گرگئی۔ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق مسافر بس کراچی سے سوات جارہی تھی جس میں تقریباً 50 مسافر سوار تھے۔
ترجمان نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔ترجمان کے مطابق حادثے کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور 18 زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 3 کی حالت تشویشناک ہے جب کہ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
ذرائع نے بتایاکہ زخمیو کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈی ایچ کیو چکوال شفٹ کردیا گیا ہے، احتیاطی تدابیر کیساتھ موقع کو محفوظ کرلیا گیا جبکہ بس کو کرین کی مدد سے سیدھا کرلیا گیا ہے۔ریسکیو ذرائع کی جانب سے مزید بتایاگیاکہ حادثہ ڈرائیور کی غفلت کے باعث پیش آیا۔
ادھر ایبٹ آباد میں ایوبیہ کے قریب بارش کے باعث مسافر وین کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں 9 افراد شدید زخمی بھی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ایبٹ آباد حادثہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس و دیگر امدادی اہلکار موقع پر پہنچے ، ریسکیو 1122 کے اہلکاروں سمیت پولیس اور مقامی افراد امدادی کاموں میں مصروف رہے۔
دریں اثناء راولپنڈی کے علاقے روات میں چیک بیلی روڈ پر کار اور ٹرک کی ٹکر کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق مرنے والوں میں 2 خواتین بھی شامل ہیں۔حادثے میں زخمی ہونے والے ایک شخص کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔