مولانا ڈاکٹر قاسم محمود کی جامعہ حقانیہ میں حملے کی شدید مذمت

کراچی (پ ر) صدر جامعہ اسلامیہ مخزن العلوم و جامعہ فاطمہ میٹروول مولانا ڈاکٹر قاسم محمود نے پاکستان کی عظیم دینی درسگاہ جامعہ حقانیہ اکوڑہ خٹک کی جامع مسجد پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے نائب مہتمم مولانا حامد الحق حقانی سمیت تمام شہدا کی بلندی درجات کیلئے دعا کی ہے۔

مولانا ڈاکٹر قاسم محمود نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کے عظیم دینی درسگاہ کی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے بڑے اجتماع کو خود کش حملوں کا نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک ہے۔

مولانا ڈاکٹر قاسم محمود نے مولانا حامد الحق حقانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ عظیم قائد کے نڈر، زیرک، معاملہ فہم بیٹے تھے۔ انہوں نے اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ہمیشہ بلاخوف لومۃ لائم حق کی آواز بلند کی اور جس بات کو حق سمجھا اس کے دو ٹوک اظہار سے کبھی دریغ نہیں کیا۔

 ان کی زبان ہمیشہ حق کی ترجمان رہی اور انہوں نے کبھی اپنے موقف کے اظہار میں کسی دباؤ کو خاطر میں نہیں لایا۔ مولانا ڈاکٹر قاسم محمود نے کہا کہ آج جب ملک میں سیاسی خلفشار عروج پر ہے، مولانا حامد الحق حقانی ایسی شخصیت تھے کہ اپنے وجود سے قوم کو اتحاد کا پیغام دے سکتے تھے۔ اللہ تعالیٰ ان کی جملہ دینی خدمات کو قبول فرمائے۔