وفاقی کابینہ نصف سنچری کے قریب، 2وزراء مملکت بھی وزیر بن گئے

اسلام آباد:وفاقی کابینہ میں 24ارکان کا اضافہ، ایوان صدر اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کا حصہ بنے والے نئے وفاقی وزرا، وزرائے مملکت اور مشیروں نے حلف اٹھا لیا۔
وفاقی کابینہ میں کم ازکم 13 نئے وزرا، 11 وزرا مملکت اور 3مشیران شامل ہیں۔نئے وزراء کی شمولیت سے وفاقی کابینہ میں وزراء کی مجموعی تعداد 31، وزراء مملکت کی تعداد 11، مشیروں کی تعداد 4جبکہ معاونین خصوصی کی تعداد 3ہوگئی۔ اس طرح کابینہ ارکان کی کل تعداد 49تک جاپہنچی ہے۔
حلف برداری کی تقریب ایوان صدر اسلام آباد میں ہوئی، جہاں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کابینہ کے نئے ارکان سے حلف لیا۔
کابینہ میں شامل ہونے والے وزراء میں حنیف عباسی، معین وٹو، مصطفی کمال، سردار یوسف، اورنگزیب کچھی، رانا مبشر، رضا حیات ہراج، ڈاکٹر طارق فضل چودھری ، علی پرویز، شزا فاطمہ، جنید انور، خالد مگسی، پیر عمران شاہ شامل ہیں۔ علی پرویز اور شزا فاطمہ اس سے قبل وزراء مملکت تھے۔
نئے وزرا ء مملکت میں بیرسٹر عقیل، ملک رشید، ارمغان سبحانی، کھیل داس، طلال چودھری، عبدالرحمان کانجو، بلال کیانی، مختار بھرت، شازرہ منصب، عون چودھری ، وجیہہ قمر شامل ہیں جبکہ مشیروں میں محمد علی، ڈاکٹر سید توقیر، پرویز خٹک نے حلف اٹھایا۔محمد علی اس سے قبل وزیر اعظم کے معاون خصوصی تھے۔
ذرائع کے مطابق حنیف عباسی کو ریلوے کی وزارت کا قلمدان دیا جائے گا جبکہ طارق فضل چودھری کو صحت جبکہ مصطفی کمال کو میری ٹائم وزارت دئیے جانے کا امکان ہے۔
ایک وفاقی وزیر اور 2 وزرائے مملکت آج حلف نہیں اٹھاسکے، اسلام آباد میں ٹریفک جام ہونے کی وجہ سے تینوں وزرا وقت پرنہ پہنچ سکے۔عمران شاہ نے آج وفاقی وزیر کا حلف اٹھانا تھا جب کہ شذرہ منصب اور ارمغان سبحانی نے بطور وزیرمملکت حلف اٹھانا تھا۔