سندھ حکومت کا ڈبل ڈیکر بسوں، طالبات و نوکری پیشہ خواتین سے متعلق بڑا اعلان

کراچی:سندھ حکومت نے ڈبل ڈیکر بسیں چلانے کے ساتھ ساتھ طالبات اور نوکری پیشہ خواتین کی سہولت کے لیے بڑا اعلان کیا ہے۔سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ سندھ کابینہ میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔

صوبائی حکومت کا ایک سال مکمل ہوگیا ہے، جس پر وزیراعلیٰ کارکردگی میڈیا کے سامنے رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے تمام محکموں میں اچھے کام ہوئے ہیں۔ڈاؤ سائنس فارمیشن کی منظوری دی گئی ہے۔ میہڑ میں زیبسٹ کا پولیٹیکل انسٹیٹیوٹ بنایا جائے گا۔

علاوہ ازیں انہوں نے بتایا کہ سندھ کے لوگوں کے لیے مزید بسیں خریدنے جا رہے ہیں۔انہوں نے صوبائی کابینہ سے ڈبل ڈیکر بسوں کی منظوری لیے جانے کی خوشخبری دیتے ہوئے مزید بتایا کہ کے فور منصوبے پر بھی کام کو تیز کیا جائے گا۔ اسی طرح اے این ایف کو آٹو میٹڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ڈبل کیبن گاڑیوں کو بھی پرسنل گاڑی کے طور پر رجسٹرڈ کیا جائے گا۔ فینسی نمبر پلیٹس سے جو آمدن ہوئی تھی، ان پیسوں سے سیلاب متاثرین کے گھر بنائے جائیں گے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے 180 بسز کا وعدہ کیا تھا۔ ہم اس معاملے پر وزیر اعظم کو خط لکھیں گے۔ پورا سال گزرنے کا باوجود بسیں نہیں ملیں۔ اپیل کرتا ہوں کہ وزیر اعظم وعدہ پورا کریں۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ کراچی کے پانی منصوبوں پر 1.6 ارب روپے خرچ کر رہی ہے۔ 2 لاکھ گھروں کو محکمہ توانائی سولر دے رہا ہے ، ڈھائی لاکھ مزید گھروں کو سولر پلیٹس دی جائیں گی۔انہوں نے اعلان کیا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ خواتین کو پنک اسکوٹرز دینے جارہا ہے۔ اس سلسلے میں جن کے پاس 2ویلرز لائسنس ہوگا ان کو پنک اسکوٹرز ملیں گے۔ اوپن بیلٹنگ کے ذریعے اسکوٹرز دیے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ اسٹوڈنٹس، کاروبار اور نوکری پیشہ خواتین کو اسکوٹرز ملیں گے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ خواتین کو بائیک چلانا بھی سکھائے گا۔ایم کیو ایم رہنماؤں کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فاروق ستار یا ان کی پارٹی کا ورغلانے میں ہاتھ تھا۔فاروق ستار ان جلاؤ گھیراؤ والوں کی حمایت میں سامنے آتے۔

فاروق ستار اسمبلی رکنیت سے مستعفی ہوں دوبارہ الیکشن لڑ لیں۔انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ہم بھی ان کی طرح نفرتوں کی بات کریں۔ مصطفیٰ قتل کیس کی دہائی پچھلے ایک سال سے میں دے رہا ہوں، ہاتھ جوڑ کر گزارش کرتا ہوں کہ اس پر فوکس کریں، میں والدین کو بولتا ہوں کہ اپنے بچوں کو دیکھیںوزیراطلاعات سندھ نے کہا کہ ایک اداکارکا بچہ بھی اس کیس میں آیا مجھے افسوس ہوا، بچے خود بھی مریں گے آپ کو بھی مروائیں گے۔

ٹاس کرکے مارنے کا فیصلہ کرنا تشویشناک ہے، حب جا کرلاش کو جلانا بھی بہت تشویشناک ہے۔شرجیل میمن نے کہا کہ حیدرآباد میں بھی آکاش انصاری کواس کے بیٹے نے مروایا، منشیات کی لت میں بچے ماں باپ کو مارنا شروع کرتے ہیں، جولوگ والدین کونہیں چھوڑتے وہ ہمیں کیسے چھوڑیں گے، ہم معاشرے میں مونسٹر پیدا کررہے ہیں، اس معاشرے کو منشیات سے دور کریں۔