پراکسی وار میں بھارت اور افغانستان کو منہ کی کھانا پڑے گی،وزیراطلاعات

اسلام آباد:وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ اسلام آباد حملے کے تمام ملوث عناصر کو قانون کے تحت کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو میںوفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ نے واضح کیا کہ ملک میں حالیہ دہشت گردانہ حملوں کے تمام ملوث عناصر کو قانون کے تحت پکڑا جائے گا اور انہیں کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست دہشت گردی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گی،سیکورٹی ادارے واقعات کی جامع تفتیش کر رہے ہیں۔

وزیراطلاعات نے وانا کے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے اسے خطے میں سازش قرار دیا اور کہا کہ وانا حملے کے پیچھے بھارت، افغانستان کا گٹھ جوڑ ہے۔ ان کے مطابق یہ تعلقات پراکسی وار کی صورت اختیار کر چکے ہیں اور ایسے عناصر کو جواب دہ بنایا جائے گاجنہوں نے پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔

عطا تارڑ نے مزید کہا کہ بھارت اور افغانستان کو پاکستان کی ترقی سے تکلیف ہے اور اس سازش کے خلاف بھرپور قومی اور سفارتی ردعمل جاری رکھا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بین الاقوامی سطح پر اپنا بیانیہ موثر طریقے سے پیش کر رہا ہے جسے دوست ممالک تسلیم کر رہے ہیں۔

وزیرِ اطلاعات نے زور دے کر کہا کہ دنیا ہمارا بیانیہ مان رہی ہے، دوست ممالک ساتھ کھڑے ہیں اور یہ کہ بین الاقوامی تعاون کے ذریعے دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کو مزید تقویت دی جائے گی۔عطا تارڑ نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

پراکسی وار میں بھارت اور افغانستان کو منہ کی کھانا پڑے گی، پاکستان نے جنگ میں بھارت کو شکست دی، بھارتی فورسز نے شکست کے بعد سفید جھنڈے لہرائے۔انھوں نے قوم کو ہمت اور یکجہتی کا پیغام بھی دیا اور کہا کہ پاکستانی عوام دہشت گردی کے واقعات سے دبنے والی نہیں۔

انہوں نے یقین دلایا کہ ریاستی ادارے ہر قسم کے چیلنج کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور شہریوں کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جائے گی۔